ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نے شہری پر تشدد اور اس کی زمین پر توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں

بدھ 13 نومبر 2019 22:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج شبانہ محسود نے تھانہ خان پور کی حدود میں اسلام آباد کے شہری پر تشدد اسے ہراساں اور اس کی زمین پر توڑ پھوڑ کرنے والے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں، ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا، نائب کورٹ نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تھانہ خانپور شعبہ تفتیش کے حوالہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک تیمور ولد ملک ریاض ساکنہ اسلام آباد نے خانپور میں ظہیر غنی سے گائوں چھوئی میں رقبہ خریدا اور اپنی زمین کے چاروں اطراف جالی وغیرہ اور پول لگوائے جس پر چھوئی کے رہائشیوں نے ملک تیمور کی اراضی پر توڑ پھوڑ، فائرنگ اور اسے ہراساں کیا تو متاثرہ شہری کی درخواست پر تھانہ خانپور نے ملزمان سبحان ولد سدھیر، نعیم شہزاد ولد محمد سدھیر، عمران خان ولد محمد بنارس، زاہد محمود ولد سرور کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

(جاری ہے)

خانپور پولیس نے جب ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ایف آئی آر میں مطلوب تمام ملزمان نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج شبانہ محسود کی عدالت سے ضمانتیں کروا لیں۔ بعد ازاں ملزمان کے وکیل نے بحث کی جس پر فاضل عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں۔ عبوری ضمانتیں خارج کرنے کا فیصلہ ہوتے ہی عدالت کے نائب کورٹ نے تمام ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر کے خان پور پولیس کے حوالہ کر دیا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں