تحریک انصاف اقتدار میں آ کر ٹی آئی پی کی بحالی سمیت نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار فراہم کرے گی ، عمر ایوب خان

ہفتہ 21 جولائی 2018 14:08

تحریک انصاف اقتدار میں آ کر ٹی آئی پی کی بحالی سمیت نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار فراہم کرے گی ، عمر ایوب خان
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) این اے 17سے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عمر ایوب خان نے کہا ہے تحریک انصاف اقتدار میں آ کر ٹی آئی پی کی بحالی اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار فراہم کرے گی، ہمارا ماضی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور شرافت و خدمت کی سیاست سے بھرپور ہے، آئندہ بھی ترقی کا سفر جاری رہے گا، عوام ووٹ پول کرتے وقت آئندہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کا خیال رکھتے ہوئے اہل اور باکردار قیادت کا انتخاب کریں۔

درویش میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے اپنے مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین نے متاثرین تربیلا ڈیم کی نمائندگی کے نام پر ان کے سروں کا سودا کیا ہے، متاثرین کے نام پر آنے والی رائیلٹی کے 8 ارب روپے اپنے من پسند ٹھیکیداروں کے ذریعہ ہڑپ کی، تربیلا کاٹن ملز کو ایک سازش کے تحت فروخت کر کے زمینوں پر قبضے کئے گئے اور ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کیا گیا۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ 25 جولائی کو ووٹ پول کرتے وقت ان سب حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو ووٹ کی پرچی سے مسترد کر کے اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اہل و باکردار قیادت کا انتخاب کریں۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ وہ آبائو اجداد سے مسلم لیگی تھے لیکن مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے فوج اور عدلیہ سے محاذ آرائی کی پالیسیوں اور عقیدہ ختم نبوت کے قانون میں سازش کے تحت تبدیلی کی کوشش کے بعد مسلم لیگ کو خیرباد کہنے پر مجبور ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے ظلم اور ناانصافی کے نظام کو ختم کر کے حقیقی تبدیلی لانے کے منشور پر عمل پیرا ہیں، عوام نے ان کو اپنا نجات دہندہ تسلیم کر لیا ہے، الله کے کرم اور عوام کے اعتماد سے پی ٹی آئی کامیابی حاصل کرے گی اور آئندہ مرکز و صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہو گی۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں