وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کی دن رات کی محنت کے بعد ضلع میں بجلی اور گیس کے زیادہ تر مسائل ختم ہو چکے ہیں، یوسف ایوب خان

ہفتہ 9 جنوری 2021 11:52

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2021ء) سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کی دن رات کی محنت کے بعد ضلع میں بجلی اور گیس کے زیادہ تر مسائل ختم ہو چکے ہیں، پورے ضلع میں سوئی گیس کی لائنیں اور بجلی کے نئے پول اور ٹرانسفارمر مہیا کئے جا رہے ہیں، جہاں پر پہلے بجلی ٹمٹماتی اور موبائل تک چارج نہیں ہوتے تھے وہاں بجلی کے وولٹیج 220 ہو گئے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے ہری پور میں اربوں روپے کے منصوبے مکمل کر لئے ہیں جبکہ بہت سے منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے، جب ہماری حکومت کے پانچ سال مکمل ہوں گے تو انشا اللہ ہری پور کا نقشہ ہی بدل چکا ہو گا، ہم وعدوں کی بجائے عملی کاموں پر یقین رکھتے ہیں، ہری پور کی ایسی کوئی بھی یونین کونسل نہیں جس میں ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع نہ کیا گیا ہو۔

(جاری ہے)

وہ محلہ اقبال کالونی پنڈ جمال روڈ میں بجلی کے متعدد منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کے کوآرڈینیٹر ساجد اقبال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے عمر ایوب خان نے بجلی کی وزارت کا قلمدان سنبھالا تو ضلع میں سب سے بڑا مسئلہ بجلی کے کم وولٹیج کا تھا، عمر ایوب خان نے پہلے مرحلہ میں فیڈرز کو اپ گریڈ کیا، دوسرے مرحلہ میں 6 نئے گرڈ سٹیشنوں کا قیام عمل میں لایا اور تیسرے مرحلہ میں عوام کو پولز اور ٹرانسفارمرز مہیا کر کے بجلی کے کم وولٹیج کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل کروا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمر ایوب خان کی دن رات محنت سے ضلع بھر میں گیس فراہمی کا کام زور و شور سے جاری ہے، سرائے صالح، کشمیر کالونی، میرا علی خان، محلہ اقبال کالونی پنڈ جمال روڈ کا ٹینڈر ہو گیا ہے جس پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں