حسن ابدال، نویں جماعت کے طالب علم کا اغواء، بازیابی کیلئے ڈی پی او کو درخواست

منگل 2 جون 2020 17:13

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) نویں جماعت کا طالب علم اسلحہ کے زور پر اغوا ، پولیس کی جانب سے شنوائی نہ ہونے پر طالب علم کے والد نے ڈی پی او اٹک کو تحریری درخواست دے دی ، بیٹے کی بازیابی کا پرزور مطالبہ تفصیلات کے مطابق عظمت خان ولد محمد اکرم ساکن ڈھوک کسراں کامرہ کلاں تھانہ صدر اٹک نے ڈی پی او اٹک کے نام تحریری درخواست میں لکھا ہے کہ اس کا بیٹا امیر حمزہ خان جو نہم جماعت کا طالب علم ہے گھر پر موجود تھا کہ 28 مئی کی صبح پونے 6 بجے گھر کے دروازہ پر دستک ہوئی تو میری بیوی نے دروازہ کھولا دیکھا کہ نقاب پوش مسلح افراد کھڑے ہیں جو اسے دھکے دے کر گھر میں داخل ہو گئے اور میرے بیٹے امیر حمزہ خان کو اسلحہ کے زور پر زبردستی اغوا کر کے لے گئے اس سلسلہ میں متعلقہ پولیس کو سارا واقعہ بتایا اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی عظمت خان نے ان مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور اپنے بیٹے کی بازیابی کا پرزور مطالبہ کیا ہے یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کامرہ گائوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے کیونکہ یہاں سوشل میڈیا پر فرقہ واریت عروج پر ہے اور ایک نوجوان کے خلاف 2 روز قبل سی ٹی ڈی پولیس نے مذہبی منافرت پھیلانے کا مقدمہ درج کر کے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ریمانڈ بھی حاصل کیا ہوا ہے ۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں