جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کی جانب سے بلدیاتی قانون کے خلاف اور کراچی دھرنے کی حمایت میں نیاپل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

سندھ کے عوام کے حقوق غضب کرنے نہیں دیں گے، عوام آج سڑکوں پر نکل کر غیرآئینی اقدام کے خلاف نفرت کا اظہار کر رہے ہیں،عقیل احمدخان

منگل 18 جنوری 2022 23:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت پیپلزپارٹی کے سیاہ اور دوہرے بلدیاتی قانون کے خلاف اور کراچی دھرنے کی حمایت میں نیاپل چوک پر امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے سے ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید، سولنگی برادری کے سردار زبیر خادم حسین سولنگی، نائب امرا عبدالقیوم شیخ ، ڈاکٹر سیف الرحمن، جنرل سیکریٹر ی ظہیر الدین شیخ ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالباسط خان، مشتاق احمد خان،بزنس فورم حیدرآباد کے صدر فیاض اعوان ، تاجر رہنما وسیم قریشی نے بھی خطاب کیا، مظاہرے میں تاجر برادری سمیت ، عوام اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

امیر ضلع عقیل احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سیاہ اور دوہرے بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی سراپا احتجاج ہے جماعت اسلامی اور عوام نے پیپلز پارٹی کے متعصبانہ قانون کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے عوام کے حقوق غضب کرنے نہیں دیں گے،امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے بلدیاتی کالے قانون کے خلاف احتجاج کی کال پر سندھ بھر میں جماعت اسلامی اور عوام آج سڑکوں پر نکل کر غیرآئینی اقدام کے خلاف نفرت کا اظہار کر رہے ہیں، جماعت اسلامی عوام کو پیپلزپارٹی کے جابرانہ تسلط سے آزاد کروائینگے سندھ میں پیپلزپارٹی کے ناقص طرز حکمرانی کے باعث ہر شعبہ زوال پزیر ہے عوام بدحال جبکہ حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں ،کراچی میں جماعت اسلامی کے دھرنے میں عوام کی تاریخی شرکت نے ثابت کردیا کہ وہ پیپلزپارٹی کو سیاہ بلدیاتی قانون کے معاملے پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے، انہوں نے کہا کہ ٹھنڈی شاموں کا شہر حیدرآباد گندگی ، سڑکیں تالاب بنی ہوئی ہیں، روڑ راستے کھنڈر کا منظر پیش کر رہے ہیں لیکن حکومت اپنی آنکھیں بند کیے ہوئے ہے، عقیل احمد خان نے مطالبہ کیا کہ نیا پل چوک کی فی الفور تعمیر کرائی جائے ، سڑکوں کی مرمت کی جائے ، اوور ہیڈ برج نا مکمل ہیں انہیں مکمل کیا جائے ، سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے ، حیسکو کو لگام دی جائے اور حیدرآباد کی ترقی ق تعمیر کے لیے 50ارب کا پیکیج دیا جائے۔

ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے جو بلدیاتی قانون پیش کیا گیا ہے اس میں عوام کے حقوق غضب کرنے کی کوشش کی گئی ہے سندھ کے عوام پہلے ہی پیپلزپارٹی کی حکومت کی وجہ سے مسائل و مصائب کا شکار ہیں پیپلزپارٹی اس بلدیاتی قانون کے ذریعے تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتی ہے تاکہ بلدیاتی نمائندے اس کے محتاج رہیں سندھ کے عوام پیپلزپارٹی سے بیزار ہوچکے ہیں اور اس سے نجات چاہتے ہیں۔ انھوںنے کہا کہ ہم عوام کی طاقت سے پیپلز پارٹی کو عوام دشمن قانون واپس لینے پر مجبور کرینگے۔کالے قانون کی واپسی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں