اسٹیشن روڈ پر واقع قدیم کیفے فردوس کے مالک حاجی اشفاق احمد کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا

ہفتہ 22 جنوری 2022 00:25

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) اسٹیشن روڈ پر واقع قدیم کیفے فردوس کے مالک حاجی اشفاق احمد کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس قاتلوں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے، مقتول اشفاق احمد کی نماز جنازہ رات کو قادری مسجد اسٹیشن روڈ پر ادا کی گئی جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اسٹیشن روڈ پر جماعت اسلامی کے دفتر کے نیچے کئی عشروں سے قائم کیفے فردوس کے مالک حاجی اشفاق احمد پٹھان معمول کے مطابق رات گئے ہوٹل پر موجود تھے کہ اچانک مبینہ طور پر نامعلوم تین مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، اشفاق احمد کو نازک حالت میں سول ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ زخموںکی تاب نہ لا کر انتقال کر گئے،کیفے فردوس حیدرآباد کے معروف چائے خانوں میں سے ایک ہوٹل تھا جہاں عشروں تک معروف سیاستدانوں علم و ادب اور شاعری سے وابستہ شخصیات کی نشستیں رات گئے تھے جمتی تھیں، کشیدگی کے ماحول میں بھی کیفے فردوس ہمیشہ کھلا رہتا تھا اور اشفاق احمد اپنے مسکراتے چہرے کے ساتھ رات گئے تک موجود رہتے تھے، ان کے بہیمانہ قتل پر علاقے میں سوگ کا ماحول رہا اور جزوی طور پر کاروبار بھی بند رہا، ان کی نماز جنازہ میں عزیز و اقارب کے علاوہ سیاسی علمی ادبی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقتول حاجی اشفاق احمد کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی، کیفے فردوس پر کام کرنے والے ملازمین کا بھی کہنا ہے کہ اشفاق احمد کا کسی سے کوئی ایسا جھگڑا نہیں تھا کہ کوئی انہیں نشانہ بنائے۔سٹی تھانے سے چند سو گز کے فاصلے پر ہونے والی قتل کی اس ہولناک واردات کا پولیس 20 گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے، پولیس ذرائع کے مطابق واردات کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او سٹی اسٹاف کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور میت سول ہسپتال منتقل کی گئی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد قانونی کاروائی مکمل کرکے میت ورثا کے حوالے کر دی گئی، پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کے اسباب کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں کہا جا سکتا، ڈکیتی یا لوٹ مار کے دوران فائرنگ ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں، تاہم پولیس ذرائع کے مطابق قاتلوں نے فائرنگ سے پہلے اشفاق احمد کو گالم گلوچ کی اور پھر فائرنگ کرکے فرار ہو گئے جب یہ واردات ہوئی اس وقت علاقے میں بجلی بند تھی، ایس ایس پی حیدرآباد نے دعوی کیا ہے کہ بہت جلد قاتلوں کا سراغ لگا کر انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کچھ عرصے حیدرآباد سمیت ضلع کی چاروں تحصیلوں میں قتل ڈکیتی لوٹ مار جیسی جرائم کی سنگین وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے اور پولیس امن و امان قائم کرنے اور سنگین جرائم کے سدباب میں ناکام رہی ہے جس پر شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں