روس پاکستان کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں مضبوط تعاون قائم کرنا چاہتا ہے ،

اسٹانیسلاو کورولیو روس کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز قائم کرنے پر توجہ دیں،صدر اسلام آبادچیمبر محمد احمد وحید

منگل 10 دسمبر 2019 17:31

روس پاکستان کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں مضبوط تعاون قائم کرنا چاہتا ہے ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) ماسکو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے ماسکو چیمبر کے کمیشن برائے پاکستان کے سربراہ اسٹانیسلاو کورولیوکی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کے امور پر مقامی تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ماسکو چیمبر آف کامرس کے وفد کے سربراہ اسٹانیسلاو نے کہا کہ روس کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور اس مقصد کیلئے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں مضبوط تعاون قائم کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روس کے پاس مختلف صنعتی شعبوں کی اعلیٰ ٹیکنالوجی موجود ہے اور پاکستان کا نجی شعبہ روس کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کر کے اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ماسکو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا وفد دنیا میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کیلئے ہر سال 40سے 45ممالک کا دورہ کرتا ہے اور اب وہ پاکستان میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں کیونکہ پاکستان ایک بہتر مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنا رول بہت اچھی طرح نبھا رہا ہے اور روس کی تاجر برادری چیمبر کی کاوشوں کو تسلیم کرتی ہے لہذا انہوں نے دعوت دی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اپنا ایک وفد روس لے جانے پر غور کرے تاکہ نجی شعبوں کے درمیان بہتر روابط قائم کرکے روس اور پاکستان کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کیا جا سکے۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ ماسکو چیمبر آف کامرس ان کے وفد کو روسی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کرانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان اور روس کی باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں تا کہ مشترکہ تعان کے تمام ممکنہ مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کا نجی شعبہ اب روس اور سنٹرل ایشیاء کی طرف زیادہ توجہ دے رہا ہے کیونکہ ان ممالک کے ساتھ برآمدات کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوںنے کہا کہ روس پاکستان کیلئے سنٹرل ایشیاء کی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کرنے کیلئے ایک گیٹ وے کا درجہ رکھتا ہے لہذا روس کے ساتھ مضبوط تعلقات کا قیام پاکستان کیلئے بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں دلچسپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے پاکستان کو ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے میں سہولت ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں کئی اسپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے لہذا روس کے سرمایہ کار ان زونز میں سرمایہ کاری اور کاروباری شراکتوں کے مواقع تلاش کریں۔

انہوںنے ماسکو چیمبر آف کامرس کی روس کا دورہ کرنے کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس ماسکو چیمبر آف کامرس کے تعاون سے اپنا ایک وفد روس لے جانے پر غور کرے گا اور وہاں کی تاجر برادری کے ساتھ تجارتی معاہدے کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط قائم کر کے باہمی تجارت کو مزید بہتر کیا جائے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو پھلوں سمیت متعدد مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جس کیلئے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو ایک دوسرے کے قریب لانا ضروری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں