تجارتی سرگرمیاں تیز کرنے کے لئے برآمدات و ترقی پر مبنی اور غریب دوست بجٹ پیش کیا جائے، چیئر مین یوبی جی

اتوار 22 مئی 2022 09:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے یونائیٹڈ بزنس گروپ نے لگژری آئٹمز پر پابندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے برآمدات و ترقی پر مبنی اور غریب دوست بجٹ پیش کیا جائے۔ اتوار کو یہاں صدر یو بی جی زبیر طفیل کی قیادت میں 20 رکنی تجارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین یو بی جی شہزاد علی ملک نے کہا کہ حکومت کو جو تجاویز پیش کی گئی ہیں وہ ان کو آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کے لئے سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔

پرائم منسٹر آفس نے یو بی جی کی تجاویز وزارت خزانہ، وزارت تجارت، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھیج دی ہیں جو پری بجٹ مینٹنگ میں طویل غور کے بعد مجاز اتھارٹی کی منظوری کے آخری مرحلے میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تجاویز کا مقصد کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانا ہے تاکہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے، یو بی جی نے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایسی قابل عمل بجٹ تجاویز تیار کی ہیں جو حکومت کو آئندہ بجٹ کے ذریعے معیشت کی بحالی میں مدد فراہم کریں گی۔

شہزاد علی ملک نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف، جو سب سے بڑے صوبے کے کامیاب ترین وزیر اعلیٰ اور لاہور چیمبر کے صدر بھی رہے ہیں، معاشی بحالی کیلئے اور ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے تاجر برادری کے کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کرنے، ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر میں شناخت شدہ لاکھوں غیر ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ شہزاد علی ملک نے تمام قابل عمل تجاویز کو آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں