پاکستان ہر مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا ،

پاکستان کسی بھی دوسرے ملک کو سعودی عرب پر حملہ نہیں کرنے دے گا، وزیراعظم عمران خان کاسعودی گزٹ کو انٹرویو

جمعرات 20 ستمبر 2018 15:54

پاکستان ہر مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہر مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا اور کسی بھی دوسرے ملک کو اس پر حملہ نہیں کرنے دے گا۔سعودی گزٹ کو اپنے ایک انٹرویو کے دوران حوثی باغیوں کے حملوں جو مسلسل سعودی عرب پر میزئل فائر کرتے ہیں اور یہاں تک کہ حرم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ’’یہ ہماری تمام حکومتوں کا واضح موئقف رہا ہے کہ ہم کسی کو سعودی عرب پر حملے کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ ہم ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

‘‘مشرق وسطیٰ تنازعہ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم ممالک کے مابین تنازعات پر ہمیں دکھ ہوتا ہے اور پاکستان امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مصالحتی کردار ادا کرے گاتاہم عمران خان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تنازعات کے فوجی حل پر یقین نہیں رکھتے اور سمجھتے ہین کہ ہر تنازعہ کا ایک سیاسی حل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یمن کے تنازعہ میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔

سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے ضرورت کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔’’سعودی عرب نے ہمیشہ ہماری بھر پورمدد کی ہے اور ہمارے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی تعلقات ہیں۔تمام پاکستانی سعودی عرب کو محفوظ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔بطور وزیر اعظم اپنے پہلے غیر ملکی دورہ کے لئے سعودی عرب کا انتخاب کرنے سے متعلق سوال کی وضاحت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تمام مسلمانوں کے دلوں میں سعودی عرب کا خصوصی مقام ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر مسلم رہنما کا مکہ اور مدینہ کا دورہ ایک فطری عمل ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’میں خادم الحرمین الشریفین کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب آیا ہوںاور بطور مسلمان سربراہ مکہ اور مدینہ کا دورہ میرے لئے ضروری تھا۔اپنے نئے پاکستان کے وژن پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کی سہ جہتی حکمت عملی کا مقصد غربت اور بدعنوانی کا خاتمہ،انسانی وسائل میں سرمایہ کاری اور مضبوط اداروں کا قیام ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کا خواب پاکستان کو ایسی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں انصاف اور میرٹ کی بالا دستی ہو۔ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کی انسداد بدعنوانی مہم کی تعریف کی اور کہا کہ بدعنوانی ملکوں میں غربت کی بڑی وجہ ہے۔انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بھی انسداد بد عنوانی کی ایک بڑی مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں