سی پیک کے تحت سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے،

جنوبی ایشیاء میں قیام امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، بیلٹ اینڈ روڈ اقدام سے پورا خطہ مستفید ہو گا، کرتارپورکوریڈور کا افتتاح پاکستان کا احسن اقدام ہے پاکستان میں چین کے سفیر یائو ژنگ کا اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام بین الاقوامی سیمینار سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 16:52

سی پیک کے تحت سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان میں چین کے سفیر یائو ژنگ نے کہا ہے کہ چین خطے میں قیام امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ اقدام سے جنوبی ایشیاء کا پورا خطہ مستفید ہو گا، سی پیک کے تحت سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام ’’جنوبی ایشیاء میں تنازع اور تعاون۔

بڑی طاقتوں کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ شاہراہ ریشم کے ذریعے چین کا جنوبی ایشیاء کے خطے بالخصوص پاکستان کے ساتھ 2 ہزار سال سے روابط استوار ہیں، چین کے صدر شی جن پنگ نے 2013ء میں ایک پٹی ایک شاہراہ کا تصور پیش کیا جس کا بنیادی مقصد تجارت اور رابطوں کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں سی پیک کی شکل میں اس منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے۔

چینی سفیر نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار دوستی اور تعاون قائم ہے، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر دونوں ممالک یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چین سمجھتا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں دیرپا قیام امن اور استحکام کیلئے مذاکرات اور رابطہ کاری میں اضافہ ضروری امور ہیں، چین پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ماضی میں چین کے بھی پڑوسی ممالک کے ساتھ تنازعات رہے ہیں لیکن چین نے ہمیشہ مذاکرات کو اہمیت دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تنازعات اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے،کرتارپورکوریڈور کا افتتاح پاکستان کا احسن اقدام ہے، اسی طرح چین افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین سدا بہار دوستی اور سٹریٹجک تعلقات اور تعاون کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط استوار ہیں، وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ چین انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔

انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری بلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا اہم منصوبہ ہے، دونوں ممالک اب سماجی شعبہ کی ترقی کی طرف توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ چینی سفیر نے کہاکہ بلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت مختلف منصوبے جاری ہیں جس سے تجارت اور رابطوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں