کراچی میں گھریلو کمرشل صارفین اور چھوٹی صنعتوں کیلئے گیس کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے‘ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر جواب

بدھ 12 دسمبر 2018 15:43

کراچی میں گھریلو کمرشل صارفین اور چھوٹی صنعتوں کیلئے گیس کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے‘ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر جواب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کراچی میں گھریلو کمرشل صارفین اور چھوٹی صنعتوں کیلئے گیس کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے‘ سندھ کے سی این جی سٹیشنوں کو گیس کی صورتحال بہتر ہونے پر فراہمی شروع کردی جائے گی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سندھ میں 80 فیصد گیس کی پیداوار 80 فیصد ہے۔

سندھ میں تمام سی این جی سٹیشن تاحکم ثانی بند کردیئے گئے ہیں اور عام صارفین کو بھی گیس کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سندھ کے پانی کے بعد گیس بھی بند کی جارہی ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سندھ کی گیس بند کرنا آئین کے آرٹیکل 258 کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے جواب میں وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ کراچی میں گھریلو صارفین‘ کمرشل صارفین اور زیرو ریٹڈ صنعتوں کے لئے گیس کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اکتوٹر میں ہم نے انہیں نوٹس دیا تھا کہ آپ متبادل توانائی پر آجائیں۔ سندھ کے سی این جی سٹیشنوں کو جونہی صورتحال بہتر ہوتی ہے گیس کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنہڑ اور بعض دیگر گیس کے کنوئوں میں سے گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ سید نوید قمر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 258 کو پامال کیا جارہا ہے۔ ہم نے کسی مخصوص سیکٹر کی بات نہیں کی ہم نے پورے صوبے کے آئینی حق کی بات کی ہے۔ اس کے جواب میں وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ آئین کے اس آرٹیکل کی وضاحت کے لئے ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے یہ مسئلہ عدالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات پر ہماری وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات طے ہے۔ تمام مسائل کا حل نکالا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں