اپوزیشن جماعتوں کا خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

پیر 17 دسمبر 2018 21:46

اپوزیشن جماعتوں کا خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) قومی اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے حوالے سے ایم کیو ایم نے بھی اپوزیشن کے موقف کی حمایت کردی جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے چھ روز گزرنے کے باوجود پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے گئے۔

سپیکر اس سلسلے میں پروڈکشن آرڈر جاری کرکے ہمیں شکریہ کا موقع دیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔ جس طرح سپیکر نے بڑی حکمت کے ساتھ پی اے سی کے چیئرمین کا مسئلہ حل کیا ہے اسی طرح یہ مسئلہ بھی حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ معاملہ صرف خواجہ سعد رفیق کا نہیں ہے ان کے لاکھوں ووٹروں کی نمائندگی کا معاملہ ہے۔

ایم ایم اے کے رکن مولانا جمال الدین نے مطالبہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جلد از جلد جاری کئے جائیں۔ ایم کیو ایم کے رکن امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی ضرور ہے تاہم الگ جماعت ہونے کی حیثیت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر ہر صورت جاری کئے جائیں۔ ہم پارلیمنٹ اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک میں ہر صورت جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کے خواہاں ہیں۔

اے این پی کے رکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ صرف الزام لگانے سے کوئی مجرم نہیں بن جاتا جب تک ثابت نہ ہو جائے اس وقت تک کسی کو سزا نہیں دی جاسکتی۔ ماضی میں جو کچھ ہوتا رہا ہے وہ اب نہیں ہونا چاہیے۔ نیب کے قوانین میں ترمیم کرنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔ رکن قومی اسمبلی علی وزیر نے مطالبہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔ آغا حسن بلوچ نے بھی مطالبہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں