الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 72 اراکین قومی اسمبلی اور 20 سینیٹرز سمیت332 اراکین کو کام سے روک دیا

بدھ 16 جنوری 2019 22:13

الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 72 اراکین قومی اسمبلی اور 20 سینیٹرز سمیت332 اراکین کو کام سے روک دیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) الیکشن کمیشن نے اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثہ جات کے گوشوارے طے شدہ تاریخ تک جمع نہ کرانے والے 72 اراکین قومی اسمبلی اور 20 سینیٹرز سمیت332 اراکین کو کام سے روک دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے جن اراکین کو کام سے روکا گیا ہے ان میں وزراء شہریار آفریدی، علی امین گنڈاپور، عامر محمود کیانی، چوہدری فواد حسین، چوہدری محبوب سلطان، چوہدری طارق بشیر چیمہ، اپوزیشن کے سینئر رکن احسن اقبال سمیت 72 اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے وزراء سمیت 54 اراکین کو گوشوارے جمع نہ کرانے پر کام سے روکا گیا ہے۔ سینیٹ کے 20 اراکین کو گوشوارے جمع نہ کرانے پر کام سے روکا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے 115 اراکین نے تاحال اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ بلوچستان اسمبلی کے 19، سندھ اسمبلی کے 52 اراکین کو گوشوارے جمع نہ کرانے پر کام سے روکا گیا ہے۔ انتخابی قانون 2017ء اور انتخابی قواعد 2017ء کی مختلف شقوں کے تحت 31 دسمبر تک اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کو اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانے لازمی ہوتے ہیں جبکہ 16 جنوری کے بعد ان اراکین کو اس وقت تک کام کرنے سے روک دیا جاتا ہے جب تک وہ اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں