ملائیشیاء کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی تین روزہ دورہ پر پاکستان آمد،وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اراکین کے ہمراہ استقبال کیا

مہاتیر محمد کونور خان ائیر بیس پر 21توپوں کی سلامی دی گئی ، بچوں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ،کل یوم پاکستان کی پریڈ میں مہمان خصوصی ہونگے پاکستان اور ملائیشیا ء کے مابین مختلف معاہدوں پر دستخط ہونگے، ملائشیا ء کی جانب سے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی امید کی جارہی ہے

جمعرات 21 مارچ 2019 23:41

ملائیشیاء کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی تین روزہ دورہ پر پاکستان آمد،وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اراکین کے ہمراہ استقبال کیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) ملائیشیا ء کے وزیر اعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،مہاتیر محمد ملائیشیا ء کے تاجروں اور صنعتکاروں کے وفد کے ہمراہ نور خان ایئربیس پہنچے جہاں وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اراکین کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔مہاتیر محمد کو نور خان ایئربیس پر 21توپوں کی سلامی دی گئی اور بچوں نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

ملائیشیا ء کے وزیر اعظم مہاتیر محمدکل( ہفتہ)یوم پاکستان کی پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔مہاتیر محمد کی دوطرفہ مصروفیات میں صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ معاونین کے بغیر اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں شامل ہیں جبکہ دونوں وزرائے اعظم مختلف صنعتوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے ’’گول میز اجلاس‘‘سے بھی خطاب کریں گے جنہوں نے پاکستان میں کار سازی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مہاتیر محمد کے دورے میں دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ اور ان کے دورے کے دوران پاکستان اور ملائیشیا ء کے مابین 4 معاہدوں پر دستخط ہوں گے، اور ملائشیا ء کی جانب سے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی امید کی جارہی ہے، جب کہ دونوں ممالک کے وزرا کے مابین مختلف یاداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں