نیب نے نوازشریف کی درخواست ضمانت پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا

سابق وزیراعظم کی درخواست کی سماعت کل 3رکنی بنچ کرئے گا‘سیکورٹی کے انتظامات مکمل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مارچ 2019 18:50

نیب نے نوازشریف کی درخواست ضمانت پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مارچ۔2019ء) قومی احتساب بیورو(نیب)نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی ضمانت کے معاملے پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے. تفصیلات کے مطابق، پیر کو سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی ضمانت کی درخواست پرنیب کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا. نیب نے جواب میں سابق وزیراعظم کی درخواستِ ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ نواز شریف کی درخواست میں جان لیوا بیماری کا کوئی مواد نہیں اورنہ ہی کوئی ایسا عارضہ ہے جس سے جان کوخطرہ ہو ، کسی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کہ سرجری کی سفارش نہیں کی.

(جاری ہے)

نیب نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف کا ضمانت کا مقدمہ ہارڈ شپ کیس میں نہیں آتا نوازشریف کے ڈاکٹرکی رپورٹ غیرمصدقہ اورخود ساختہ لگتی ہے. نوازشریف زندگی کولاحق خطرہ کیس بنا کربیرون ملک جانا چاہتے ہیں ، ضمانت ملی تونوازشریف عدالتی حدود سے باہرچلے جائیں گے ہائیکورٹ نے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لیکرضمانت کی درخواست مسترد کی تھی .

نیب جواب میں نوازشریف کوعلاج کی تمام سہولیات فراہم کرنے کا بھی بتایا گیا. دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کل منگل کے روز ہوگی جس کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کرلیے گئے ہیں. سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی اور جسٹس یحییٰ آفریدی پر مشتمل 3 رکنی بینچ نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا.

کمرہ عدالت نمبر ایک میں محدود نشستوں کے باعث سپرنٹنڈنٹ پولیس کی جانب سے خصوصی سیکورٹی پاس جاری کیے جائیں گے‘اعلامیے کے مطابق کمرہ عدالت میں صرف وکلا، درخواست گزار اور فریقین کو جانے دیا جائے گا جبکہ وکلا اور صحافیوں کو بھی کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت ہو گی. سپریم کورٹ کے مطابق عدالتی کارروائی دیکھنے کے خواہشمند شہری ایس پی سیکورٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں‘کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلے سے قبل تمام افراد کے بیگز اور پرسز کی تلاشی لی جائے گی جبکہ موبائل فونز لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی.

خیال رہے کہ 19 مارچ کو سپریم کورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کاٹنے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطل کرکے ضمانت کی درخواست کی سماعت کی تھی، اس موقع پر عدالت عظمیٰ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 26 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی تھی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں