نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جو حکومت یا اپوزیشن کی خواہش کے تابع نہیں بلکہ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کام کر رہا ہے،

عمران خان اور موجودہ حکومت کا بھی یہی عزم ہے کہ ادارے با اختیار اور مضبوط ہوں، توقع ہے کہ اپوزیشن نیب پر حملوں، دھمکیوں اور روز سیاست میں گھیسٹنے کی بجائے نیب کو پوچھے گئے سوالات کا جواب دے گی، اگر کسی کا دامن صاف ہو تو وہ لاپتہ ہونے کی بجائے سینہ تان کر کھڑا ہوتا ہے، یہ کیسی پراسرار بیماری ہے جو گھر جانے پر اچانک ٹھیک اور جیل جانے پر جان لیوا بن جاتی ہے، سیاسی بیانیے کی طرح ان کا بیماری کا بیانیہ بھی ایک نہیں ہو رہا، اپوزیشن صرف ہوائی فائرنگ کر رہی ہے، وہ دن دور نہیں جب ہوائی فائرنگ کا رخ حکومت کی بجائے ایک دوسرے پر ہو جائے گا، قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں، طیب اردوان کی مثال ہی دیکھ لیں، انہوں نے بھی اپنی گرتی ہوئی کرنسی کو عوام کی مدد سے سنبھالا، ہم بھی ایسا ہی چاہتے ہیں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 21 مئی 2019 18:27

نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جو حکومت یا اپوزیشن کی خواہش کے تابع نہیں بلکہ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کام کر رہا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جو حکومت یا اپوزیشن کی خواہش کے تابع نہیں بلکہ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کام کر رہا ہے، توقع ہے کہ اپوزیشن نیب پر حملوں، دھمکیوں اور روز سیاست میں گھیسٹنے کی بجائے نیب کو پوچھے گئے سوالات کا جواب دے گی، اگر کسی کا دامن صاف ہو تو وہ لاپتہ ہونے کی بجائے سینہ تان کر کھڑا ہوتا ہے، یہ کیسی پراسرار بیماری ہے جو گھر جانے پر اچانک ٹھیک اور جیل جانے پر جان لیوا بن جاتی ہے، سیاسی بیانیے کی طرح ان کا بیماری کا بیانیہ بھی ایک نہیں ہو رہا، اپوزیشن صرف ہوائی فائرنگ کر ر ہی ہے، وہ دن دور نہیں جب ہوائی فائرنگ کا رخ حکومت کی بجائے ایک دوسرے پر ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ہے، نیب میں حکومت کی کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں ہے تاہم آزادانہ اور فعال کردار ادا کرنے کے لئے حکومت آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سہولت کار ہو سکتی ہے، نیب کی کارروائیاں اور اہداف قانون اور آئین کے دائرے کے اندر ہیں، اپوزیشن کو اگر نیب کی کارروائیوں کے حوالے سے کوئی اعتراض ہے تو وہ عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹا سکتے ہیں کیونکہ پہلے ہی 95 فیصد اپوزیشن عدالتوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نیب کی ترجمان نہیں ہوں، نیب کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے رخنوں کو دور کرنے کے لئے چیئرمین نیب کے ترجمان کو چاہیے کہ وہ اپنا موقف عوام اور میڈیا کے سامنے رکھیں، اس سے ڈس انفارمیشن کا خاتمہ ہو گا اور ادارے کا استحقاق مجروح نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور موجودہ حکومت کا یہی عزم ہے کہ حکومت اور ادارے با اختیار اور مضبوط ہوں، ہر ادارہ اپنا کام قانون و آئین کے دائرہ میں رہتے ہوئے کرے گا تو ہر ادارہ اپنا اپنا بوجھ اٹھا پائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی نہیں تو اور کیا ہے کہ محمد نواز شریف فائیو سٹار گھر میں چھ ہفتے آرام کرتے رہے لیکن انہیں ایک دن بھی ہسپتال نہیں جانا پڑا لیکن جیسے ہی وہ جیل پہنچے تو ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا، یہ کیسی پراسرار بیماری ہے جو گھر میں نہیں صرف جیل میں ہوتی ہے، ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ نواز شریف کو ایسی صحت عطا کرے جو گھر اور جیل میں ایک جیسی ہو اور اس سے ان کا بیماری کا بیانیہ بھی گھر اور جیل میں ایک ہی ہو سکے، انہوں نے کہا کہ ہماری تجویز ہے کہ نواز شریف کم از کم اپنی بیماری ہی طے کر لیں کہ انہیں کیا بیماری ہے تو حکومت ان کی ہر طرح کی معاونت کے لئے تیار ہے۔

ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے کہا کہ قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں، طیب اردوان کی مثال ہی دیکھ لیں، انہوں نے بھی اپنی گرتی ہوئی کرنسی کو عوام کی مدد سے سنبھالا، ہم بھی ایسا ہی چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں