بھارت مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے. مشال ملک کا انکشاف

اسلامتی کونسل میں شامل ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے ذمے دارہیں. بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 22 اگست 2019 13:34

بھارت مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے. مشال ملک کا انکشاف
سلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اگست۔2019ء) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے ‘سلامتی کونسل میں شامل ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے ذمے دارہیں، اگرکوئی بھی تنازعہ ہوا تو پوری دنیا لپیٹ میں آئے گی. تفصیلات کے مطابق کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں کرفیو کو 18 دن ہوگئے ہیں، لوگوں کوخوراک اوردوائیں نہیں مل رہیں.

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں چھوٹے بچوں کو بھی اغوا کیا جا رہا ہے، کرفیو دنوں کا نہیں لگتا یہ سال تک کا بھی ہوسکتا ہے، مودی سرکارغلط سمجھتی ہے کہ وہ اس سے بچ جائے گی.

(جاری ہے)

مشال ملک نے کہا کہ بھارتی سرکار نے تو کشمیریوں کو کچھ سمجھا ہی نہیں ہے، مقبوضہ وادی میں طرح طرح کے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں. حریت رہنما کی اہلیہ نے کہا کہ امریکا کی مسئلہ کشمیرپر ذمے داری بنتی ہے، سلامتی کونسل میں شامل ممالک مسئلے کے حل کے ذمے دارہیں‘انہوں نے مزید کہا کہ اگرکوئی بھی تنازعہ ہوا تو پوری دنیا لپیٹ میں آئے گی، اگرمسئلے کوحل نہیں کیا گیا تو بات جوہری جنگ کی طرف بھی جاسکتی ہے.

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر جگہ ایک خوفناک خاموشی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل عام کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے ، دنیا بھارت کو کشمیر میں خون کی ہولی کھیلنے سے روکے. مشال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ریڈ الرٹ پر حالات خراب ہیں، یاسین ملک کو21فروری کو ہماری شادی کی سالگرہ پر حراست میں لیا گیا، وہ تہاڑ جیل میں 4ماہ سے ڈیتھ سیل میں ہیں، یاسین ملک قید تنہائی میں ہیں ، ہائی ولٹیج بلب لگایا ہوا ہے.

مشال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں اس وقت کوئی قانون نہیں ، کٹھ پتلی انتخابات کرائےجاتے ہیں، بھارت جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اورفضائیہ کی نفری بڑھا دی گئی ہے اور بیوروکریسی کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے. ان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل عام کا منصوبہ بنایاجا رہا ہے، مقبوضہ وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے‘یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا دنیا بھارت کو کشمیر میں خون کی ہولی کھیلنے سے روکے، کشمیری کسی صورت آزادی کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں