اسکولوں و کالجوں سمیت دیگر اداروں میں منشیات عام ہے،شہریار آفریدی کا اعتراف

ملک سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ ضرور کریں گے،صرف اے این ایف تنہا منشیات پر قابو نہیں پا سکتی ہے، وفاقی وزیر پوری دنیا کے منشیات اسمگلرز کا ڈیٹا پاکستان کے پاس ہوگا، دس منٹ میں ڈیٹا پاکستان کے پاس پہنچے گا، حکام کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:44

اسکولوں و کالجوں سمیت دیگر اداروں میں منشیات عام ہے،شہریار آفریدی کا اعتراف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے اعتراف کیا ہے کہ گلی محلوں میں آئس و کرسٹل جیسی منشیات پھیل رہی ہیں اور اسکولوں و کالجوں سمیت دیگر اداروں میں منشیات عام ہے، ملک سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ ضرور کریں گے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں قائمہ کمیٹی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں انہوں نے تسلیم کیا کہ اگر منشیات فروشی کی بات ہورہی ہے تو وہ درست ہے۔

ایک سوال پرانہوںنے کہاکہ پورے ملک میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی کل تعداد صرف دو ہزار 900 ہے جو انتہائی ناکافی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف اے این ایف تنہا منشیات پر قابو نہیں پا سکتی ہے۔وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کو مزید مضبوط کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹم مل کر کام کررہے ہیں۔

قبل ازیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کو وزارت انسداد منشیات کے حکام نے آمان پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔وزارت انسداد منشیات کے حکام کے مطابق یہ پراجیکٹ منشیات اسمگلنگ کو روکنے میں کام آئے گا۔ اس پراجیکٹ میں ڈیٹا بیس ہوگا، یہ ڈیٹا دنیا کی مختلف اڑھائی سو ویب سائٹس سے لیا جائے گا۔حکام کے مطابق پوری دنیا کے منشیات اسمگلرز کا ڈیٹا پاکستان کے پاس ہوگا، دس منٹ میں ڈیٹا پاکستان کے پاس پہنچے گا۔

انسداد منشیات کے حکام کے مطابق افغانی شہریوں نے امریکا کی شہریت لے رکھی ہے اور پتہ بلوچستان کا دیا ہوا ہے ایسے لوگ پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق اس پراجیکٹ سے مجرموں اور اسمگلروں پر نظر رکھی جائے گی۔وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ بھارت، پاکستان کو فیٹف کے گرے لسٹ اور بلک لسٹ میں ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر الزام لگاتا ہے کہ ایسے لوگ ہمارے ملک میں موجود ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے کے ڈیٹا کی بنیاد پر ہم پوری دنیا کو جواب دینے کے قابل ہونگے۔ اس سے صرف منشیات سمگلر نہیں بلکہ منی لانڈررز کو بھی پکڑا جا سکے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں