وزیراعظم سے علماء کی ملاقات،علماء کی مدارس اصلاحات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی

حکومت مدارس کے طلبہ کو برابری کی بنیاد پر مواقع دینا چاہتی ہے، حکومت چاہتی ہے مدارس کے طلبہ بھی ڈاکٹر، انجینئر اور آرمی افسربنیں، وزیراعظم

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:22

وزیراعظم سے علماء کی ملاقات،علماء کی مدارس اصلاحات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں علماء نے مدارس اصلاحات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر علماء نے ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں کشمیر سے متعلق اہم امور پر بات چیت کی گئی، ملاقات کے دوران مدرسہ اصلاحات پر بھی بات چیت کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدارس میں دینی تعلیم سمیت سائنسی اور ٹیکنیکل تعلیم بھی دی جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعطم عمران خان نے کہا کہ حکومت مدارس کے طلبہ کو برابری کی بنیاد پر مواقع دینا چاہتی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ مدارس کے طلبہ بھی ڈاکٹر، انجینئر اور آرمی افسربنیں۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر علماء نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ مدارس اصلاحات کے معاملے پر حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں