وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

ملک بھر میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، حکومت کاروبار میں آسانی کے لئے اقدامات میں بہتری لا رہی ہے، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے ملکی معیشت میں تیزی لانے میں مدد ملے گی، وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے گا،وزیراعظم عمران خان

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، حکومت کاروبار میں آسانی کے لئے اقدامات میں بہتری لا رہی ہے، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے ملکی معیشت میں تیزی لانے میں مدد ملے گی، وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بدھ کو اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، پاور ڈویژن کے وفاقی وزیر عمر ایوب خان، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ سید زبیر حیدر گیلانی اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے موثر رابطہ کاری کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکز اور صوبائی یونٹوں کے مابین ہموار اور موثر حکمت عملی سے متعلق اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مالی سال 2019-20ء کے دوران مختلف منصوبوں کے لئے 2.8 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔

اس کے علاوہ بن قاسم، دھابیجی، رشکئی اور حطار زون کو بجلی کی فراہمی کیلئے فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بجلی کی فراہمی میں سہولت کے لئے چار پی سی ون پہلے ہی جمع کرا دیئے گئے ہیں جبکہ چھوٹی صنعتوں کو 110 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کے لئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کو سرمایہ کاروں کے لئے قانون سازی کے فریم ورک میں نظرثانی کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ برآمدات، درآمدات کے متبادل، مقامی مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کے لئے فریم ورک تشکیل دیا جا رہا ہے۔ نئی قانون سازی سے بے روزگاری، کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں آسانی ہو گی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ 67 ملکوں کے لئے ورک ویزہ اور پاکستان آمد پر ویزہ کی سہولتوں میں پہلے ہی توسیع کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ چھوٹی صنعتوں کی بحالی کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ اس سلسلے میں زمین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ان اقدامات سے روزگار کے مواقع اور قومی دولت میں اضافہ ہو گا جس سے ملک کا اقتصادی پہیہ تیزی سے چلانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تبادلے کے لئے مراعات کی دیگر ملکوں سے مسابقت ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، حکومت ملک میں کاروبار میں آسانی کے لئے اقدامات میں بہتری لا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے خصوصی حکمت عملی اختیار کی جائے تا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے مواقعوں اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے ثمرات سے عوام پوری طرح مستفید ہو سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں