میگا منی لانڈرنگ کیس: اومنی گروپ کے عبدالمجید غنی کی ضمانت منظور

سابق وزیر ہاﺅسنگ اکرم درانی کی ضمانت میں 17مارچ تک توسیع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 27 فروری 2020 17:47

میگا منی لانڈرنگ کیس: اومنی گروپ کے عبدالمجید غنی کی ضمانت منظور
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 فروری۔2020ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اومنی گروپ کے ڈائریکٹر عبدالمجید غنی کی قومی احتساب بیورو(نیب) کے دائر کردہ پانچوں کیسز میں ضمانت منظور کرلی ہے.جسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس فیض انجم جندراں پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے پارک لین، ٹھٹہ فراہمیِ آب، روشن سندھ پروگرم، گنے کی سبسڈی اور رفاہی پلاٹس کی الاٹمنٹ میں مبینہ گھپلوں سے متعلق کیسز میں 10 کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی‘خیال رہے کہ عبدالغنی مجید نے طبی بنیادوں پر ضمانت کی استدعا کی تھی.

(جاری ہے)

اسی بینچ نے 13 فروری کو انہیں میگا منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی تھی، اومنی گروپ کے ڈائریکٹر اور ان کے اہل خانہ کے دیگر اراکین بشمول انور مجید کو ابتدا میں منی لانڈرنگ کیس میں نامزد کیا تھا. یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انور مجید کو اس وقت سپریم کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا جب وہ 15 اگست 2018 کو جعلی بینک اکاﺅنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے لیے از خود نوٹس پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی پر مشتمل 3 رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے تھے.بعدازاں سپریم کورٹ کے حکم پر ان کے نام کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کے 4 اراکین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا تھا‘دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی کی ضمانت میں 17 مارچ تک توسیع کردی ہے‘قبل ازیں نیب کے ایڈیشنل پروسیکیوٹر جنرل جہانزیب خان بھروانہ نے اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ سابق وزیر ہاﺅسنگ اکرم درانی پر غیر قانونی تعیناتیوں کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی ماتحت عدلیہ کے افسران کو سرکاری رہائش گاہوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا بھی الزام ہے.نیب پراسیکیوٹر نے اس سلسلے میں عدالت میں رپورٹ جمع کروانے کے لیے وقت طلب کیا جس کے بعد کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی گئی. مذکورہ کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں مسلسل توسیع ہوتی رہی تاہم آصف زرداری کو 10 جون جبکہ ان کی بہن کو 14 جون کو گرفتار کرلیا تھا جن کے ریمانڈ میں کئی مرتبہ توسیع ہوئی‘بعدازاں گزشتہ برس 11 دسمبر کو سابق صدر آصف زرداری اور 17 دسمبر کو ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت منظور کرلی گئی تھی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں