ڈینئل پرل کیس میںفیصلے پر تشویش کا اظہار ،وفاقی حکومت سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کریگی

وزارت داخلہ اور حکومت پاکستان دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تمام قانونی ضابطے پورے کرنے کے لیے پرعزم ہے، بیان

ہفتہ 4 اپریل 2020 00:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) وفاقی حکومت ڈینئل پرل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریگی۔ جمعہ کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت ڈینیئل پرل کیس میں سندھ ہائی کورٹ کے دو اپریل کے فیصلے سے آگاہ ہے، وفاقی حکومت نے فیصلہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے، فوجداری مقدمات کے تناظر میں اگرچہ یہ ایک صوبائی معاملہ ہے ، اسی تناظر میں سندھ کی حکومت کے ساتھ بھی معاملہ اٹھایا گیا ہے، اس صورتحال میں سندھ حکومت نے فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اپیل آئندہ ہفتہ سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

وفاق نے سندھ حکومت کو انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کے لیے کہا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو اپیل دائر کرنے کے حوالے سے بہترین وسائل استعمال کرنے کا کہاہے، سندھ کی حکومت کو معاملہ پر اٹارنی جنرل پاکستان سے بھی مشاورت کرنے کا کہا گیا ہے۔ اپیل دائر ہونے کا عمل مکمل ہونے تک تمام ملزمان کے خلاف نقص عامہ کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔ تمام ملزمان کواپیل دائر ہونے تک تین ماہ کے لیے نظربند کیا گیاہے۔ وزارت داخلہ اور حکومت پاکستان دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام قانونی ضابطے پورے کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں