ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی، مجموعی کیسز 3278 تک جا پہنچی

ملک بھر میں اب تک 117 نئے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں پنجاب میں 113 اور اسلام آباد سے 4 نئے کیسز شامل

پیر 6 اپریل 2020 12:38

ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی، مجموعی کیسز 3278 تک جا پہنچی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی ، مزید نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3278 ہوگئی ہے۔تفصیلا ت کے مطابق ملک میں پیر کو اب تک کورونا وائرس کے مزید 117 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور تین ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو پنجاب سے رپورٹ ہوئیں۔

نئے کیسز میں سے پنجاب میں 113 کیسز 3 ہلاکتیں، اور اسلام آباد سے 4 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3278 تک جا پہنچی ہے۔پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک مزید 113 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے تاہم صوبائی حکومت نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کے 1493 مصدقہ کیسز کی تصدیق کی تاہم ان کی جانب سے صوبے میں مزید 3 ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مطابق لاہور میں 290، ننکانہ 13، قصور 8، راولپنڈی 58، جہلم 30، گوجرانوالہ 32، سیالکوٹ 17، نارووال 5، گجرات 93، حافظ آباد 6، منڈی بہاؤ الدین 14، ملتان 4، وہاڑی 9، فیصل آباد 15، چنیوٹ 6، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، رحیم یار خان 3، سرگودھا 5، میانوالی 3، بہاول نگر 9، بہاولپور 3، لودھراں 3، ڈی جی خان 18 جبکہ لیہ، اوکاڑہ، اٹک، خوشاب اور شیخوپورہ میں ایک ایک مریض ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 82 ہو گئی ہے۔سندھ میں ایک روز قبل کورونا وائرس سے مزید ایک اور ہلاکت ہوئی تھی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جاپہنچی جس میں سے 13 ہلاکتیں کراچی اور 2 حیدر آباد میں ہوئی ہیں۔

صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 881 ہوئی۔خیبرپختونخوا میں ایک روز قبل کورونا سے مزید 2 ہلاکتیں ہوئی تھیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ، صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد تعداد 405 ہے۔ خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 62 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں ایک روز قبل کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 192 ہو گئی ہے البتہ سرکاری پورٹل پر یہ تعداد 191 بتائی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 54 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی۔دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 60 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ جام کمال نے کی۔گلگت بلتستان میں ایک روز قبل کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 210 تک جا پہنچی ہے جس کی تصدیق پورٹل پر بھی کی گئی ہے۔گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں بھی ایک روز قبل مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں