(کل) پاکستان کی سب سے بڑی ایک روزہ شجر کاری کی جائے گی ، ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے 10 لاکھ نوجوان ملک بھر میں پودے لگائیں گے، یہ مہم 10 ارب درخت سونامی کا حصہ ہو گی

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمی تغیر ملک امین اسلم کی پریس کانفرنس

ہفتہ 8 اگست 2020 22:29

(کل) پاکستان کی سب سے بڑی ایک روزہ شجر کاری کی جائے گی ، ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے 10 لاکھ نوجوان ملک بھر میں پودے لگائیں گے، یہ مہم 10 ارب درخت سونامی کا حصہ ہو گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمی تغیر ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ (کل) 9 اگست کو پاکستان کی سب سے بڑی ایک روزہ شجر کاری کی جائے گی جس میں 35 لاکھ پودے ایک دن میں لگائے جائیں گے، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے 10 لاکھ نوجوان ملک بھر میں پودے لگائیں گے، یہ مہم 10 ارب درخت سونامی کا حصہ ہو گی، وزیر اعظم عمران خان کورنگ پارک میں پودا لگاکر کورونا ریلیف ٹائگر فورس کے رضا کاروں کے ہمراہ اس کا آغاز کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی آئی ڈی میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ ایک روزہ ملک گیر مہم میں صوبے بھی شامل ہیں۔ سندھ نے تین لاکھ درختوں، پنجاب نے 12 لاکھ اور خیبر پختونخوا میں 20 لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے جبکہ باقی صوبوں نے بھی اپنے ہدف دیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور نبی کریم ﷺ کی سنت ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ اس سنت پر عمل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ سول سوسائٹی، میڈیا، وکلاء اور ہر شہری بڑھ چڑھ کر اس مہم کا حصہ بنے کیونکہ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک بصیر آمیز شخصیت ہیں جنہوں نے عالمی حدت کے بڑھتے ہوئے چیلنج کو بھانپتے ہوئے پاکستان کے روشن اور کلین و گرین مستقبل کے لئے 10 ارب درخت سونامی کا آغاز کیا۔

معاون خصوصی موسمی تغیر ملک محمد امین اسلم نے کہا کہ پاکستان کا شمار عالمی حدت سے متاثرہ ترین ممالک میں ہوتا ہے اور پاکستان اس صف مین پانچویں نمبر پر ہے ورلڈ بنک نے گلوبل ہاٹ سپاٹس کے حوالے سے ایک رپورٹ بھی حال ہی میں جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے 6 اضلاع ایسے ہیں جہاں درجہ حرارتے کو کم کرنے اور زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کرنے کے لئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو یہ اضلاع 2050 تک رہنے کے قابل نہیں ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں سندھ کے تین اضلاع حیدرآباد، سکھر اور میر پور خاص اور پنجاب کے تین اضلاع لاہور، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں، جیکب آباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ 10 ارب درخت سونامی کا پہلا ارب بھی آئندہ سال جون میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نرسریوں میں پودوں کی گنجائش 4 سے 5 کرڑ تھی جو ہماری کوششوں سے بڑھ کر 30کروڑ ہو چکی ہے۔ مستقبل مین یہ تعداد بھی مزید مستحکم کرتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کوویڈ۔19 کے چیلنج سے اللہ تعالی کی مدد سے قابو پایا اسی طرح علامی حدت کے مسئلہ سے بھی نمٹیں گے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری حکومت اپنے تمام وعدے پورے کر رہی ہے درخت ارب درخت لگانے پر بھی پیش رفت جاری ہے اسی طرح الیکٹریکل وہیکل کی پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پہلے مرحلہ دو اور تین پہیوں والی موٹر سائیکل اور رکشوں کو الیکٹرک وہیکلز میں تبدیل کیا جائے گا جس کا افتتاح آئندہ ہفتے لاہور میں کریں گے، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشن قائم ہونا شروع ہو گئے ہیں، مزید غوروخوض کے بعد 4 پہیوں والی گاڑیوں کو بھی اس مین شامل کیا جائے گا جس سے ماحول پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

یورو ٹو فیول کو یورو فائیو پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اعلی کوالٹی فیول ائندہ چند دنوں میں ٹوٹل اور پی ایس او کے پمپس پر دستیاب ہو گا اس پر بہتر پیش رفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک 30 نیشنل پارک تھے جس میں ہم نے مزید 9 نیشنل پارک شامل کرکے 25 فیصد اضافہ کیا ہے۔ کلین اینڈ گرین انیشیٹو کے اعدادو شمار اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں جسکی وزارت موسمی تغیر 9 ماہ سے نگرانی کر رہی تھی اور وزیر اعظم عمران خان 24 اگست کو اس کے نتائج کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کے علاوہ معیشت کے اہداف بھی پورے ہو رہے ہیں اور ان کا اعتراف عالمی ادارے کلر رہے ہیں۔ بین الاقوامی اقتصادی درجہ بندی کے ادرے موڈیز نے کوویڈ۔19 کے چیلنج اور بد ترین عالمی معاشی حالات کے باوجود پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دیا ہے جبکہ ماضی میں موڈیز نے پاکستانی معیشت کی منفی میں درجہ بندی کی تھی، انہوں نے کہا کہ ایسے حلات مین پاکستانی معیشت کی بہتری حکومت کی بہتر پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور مودیز کی طرف سے اس درجہ بندی کو مستحکم قرار دیا جانا ایک اچھی خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب جب ہماری حکومت پاکستان کے معاشی حالات کو بہتر کرنے میں پیش رفت کرے گی تب تب اپوزیشن کی تکلیف بڑھے گی۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا حصہ بنیں اس سلسلہ میں 1200 مقامات پر شجر کاری کی تقریبات ہوں گی جن کی تمام تر معلومات وزارت کی ویب سائٹ پر بھی آویزاں کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں