وفاقی دارالحکومت کو نالج سٹی بنائیں، پورا ایک سیکٹر تعلیمی اداروں کے لئے وقف کریں

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وفاقی وزیر پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کو ہدایت

بدھ 12 اگست 2020 11:33

وفاقی دارالحکومت کو نالج سٹی بنائیں، پورا ایک سیکٹر تعلیمی اداروں کے لئے وقف کریں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وفاقی وزیر پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو نالج سٹی بنائیں اور پورا ایک سیکٹر اس کے لئے وقف کریں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت شفقت محمود کے اسلام آباد میں خواتین کی یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس پر بیان پر رولنگ دیتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔

قبل ازیں شفقت محمود نے توجہ دلائو نوٹس پر ایوان کو بتایا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں اس وقت 23 یونیورسٹیاں قائم ہیں۔ ان میں سے سات نجی شعبے میں اور 16 پبلک سیکٹر میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لئے ایک یونیورسٹی فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی میں پہلے ہی موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حال ہی میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ لائون کو بھی یونیورسٹی بنانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ یونیورسٹیاں بنانے کے لئے چارٹر دینا نہایت آسان ہے تاہم یہاں پر ہونے والی تدریس کو معیاری بنانا نہایت مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ یونیورسٹیوں میں دی جانے والی تعلیم کے معیار کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اسلام آباد راولپنڈی میں خواتین کی مزید کوئی یونیورسٹی بنانے کا حکومت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ سپیکر اسد قیصر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں نالج سٹی بنائیں اور پورا ایک سیکٹر تعلیمی اداروں کے لئے وقف کریں۔ انہوں نے وزیر تعلیم سے کہا کہ وہ وفاقی وزیر اسد عمر جو اس اسلام آباد کے منتخب ایم این اے بھی ہیں‘ ان کے ساتھ مل کر نالج سٹی بنائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں