اے پی سی بدعنوان، لٹیرے اور چوروں کا اکٹھ تھا، این آر او نہ ملنے پر اپوزیشن ملک اور قانون نافذ کرنے اداروں کے خلاف دشمن کی زبان بول رہی ہے،

مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پاکستان گرے لسٹ میں گیا، موجودہ حکومت پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، سی پیک منصوبہ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ، اس معاملے پر سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں، وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 21 ستمبر 2020 22:17

اے پی سی بدعنوان، لٹیرے اور چوروں کا اکٹھ تھا، این آر او نہ ملنے پر اپوزیشن ملک اور قانون نافذ کرنے اداروں کے خلاف دشمن کی زبان بول رہی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کو بدعنوان، لٹیرے اور چوروں کا اکٹھ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ این آر او نہ ملنے پر اپوزیشن کے قائدین ملک اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے خلاف دشمن کی زبان بول رہی ہیں، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ناقص پالیسیاں اپنا کر قومی اداروں اور ملکی معیشت کو تباہ کیا جس کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا، وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں موجودہ حکومت نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ہے، سی پیک منصوبہ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اس معاملے پر سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی بدعنوانیوں اور منی لانڈرنگ کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا تھا تاہم موجودہ حکومت ملک کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) قانون سازی ملک کی فتح ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس عوام کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے، یہ لوگ صرف سیاسی اور ذاتی مفادات کے حصول کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، موجودہ حکومت جامع پالیسیاں اپنا کر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور قومی اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کورونا بحران کے دوران حکمت عملی کامیاب رہی اور پاکستان نے موثر طریقے سے وبا کو قابو کیا ہے، عالمی ادارہ صحت اور عالمی برادری نے بھی پاکستان حکومت کی طرف سے مہلک وبا کے خلاف اٹھائے گئے کامیاب اقدامات کی تعریف کی اور دیگر ممالک کو بھی پاکستان سے سیکھنے کا مشورہ دیا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مخلصانہ اور دیانت دار قیادت میں ملک کے ہر شعبے میں بہتری آ رہی ہے، پی ٹی آئی حکومت سے پہلے عالمی برادری پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کرتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا اور دنیا اس کا اعتراف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز اور جرات مندی سے اجاگر کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں