یہ جنگ کی پہلی فتح ہے، اخلاقی طور پر مسلم لیگ ن کو کامیابی ہوئی

این اے 75 ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کے دوبارہ انتخاب کے فیصلے پر عارف حمید بھٹی کا رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 فروری 2021 16:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 فروری 2021ء) : این اے 75 ڈسکہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا ۔ اس حوالے سے سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ یہ جنگ کی پہلی فتح ہے اور میرا خیال ہے کہ اخلاقی طور پر مسلم لیگ ن کو کامیابی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 22 پولنگ اسٹیشنز پر بضد تھی اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ بھی کیا تھا۔

عارف حمید بھٹی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ماضی میں مریم نواز نے جو حکمت عملی بنائی تھی کہ اداروں کے خلاف بول کر اور اُن کو ڈرا دھمکا کر پریشر میں لایا جا سکتا ہے تو اُن کی یہ حکمت عملی کامیاب ہو گئی ہے۔ میں نے دو تین الیکشن کمشنر صاحبان سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اُمید تھی کہ بائیس پولنگ اسٹیشنز جن کا شور مچا تھا اُن پر دوبارہ پولنگ ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ مریم نواز سمجھتی ہیں کہ اداروں کو پریشر میں لا کر ان سے من پسند فیصلے لیے جا سکتے ہیں، بادل النظر میں محمد زبیر اور مسلم لیگ ن کا رد عمل دیکھ کر لگتا ہے جیسے انہوں نے پاکستان فتح کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلہ سنایا۔

الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں انتخابات سے متعلق مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ پر دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا جس کے بعد حلقے میں 18 مارچ کو دوبارہ الیکشن ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا کہ این اے 75 ضمنی انتخابات میں ماحول خراب کیا گیا ،پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ اور قتل و غارت ہوئی ، جس کی وجہ سے حلقے میں صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہوا ، اس لیے این اے 75ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات 18مارچ کو ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں