حکومت کا ایٹمی دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ

جمعرات 19 مئی 2022 23:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2022ء) وفاقی حکومت نے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوم تکبیر پر ‘‘نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے’’ کا عنوان جاری کردیا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے یوم تکبیر پر ‘‘نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے’’ کا عنوان جاری کردیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی طرز پر یوم تکبیر ملک بھر میں قومی جذبے سے منایا جائے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر پر قومی تقریبات منانے کا آغاز 19 مئی سے ہوگا، اور وزیراعظم شہبازشریف نے وفاق، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے ساتھ مل کر تقریبات کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 28 مئی 1998 قومی افتخار اور پاکستان کے اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کی خاطر کبھی نہ جھکنے کی عظیم تاریخ کا دن ہے، یہ وہ تاریخی دن ہے جب بیرونی طاقتوں کے دبائو اور دھمکیوں یو کے باوجود قومی قیادت نے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا، اب معاشی قوت بنائیں گے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر یوم تکبیر کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، تعلیمی اداروں، طالب علموں اور نوجوانوں کو خاص طور پر ان تقریبات کا حصہ بنایا جائے گا، وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں، وکلاء ، ڈاکٹر، میڈیا، محنت کش، سول سوسائٹی تنظیموں سمیت معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی دن کو قومی جذبے کے ساتھ منائیں، یہ دن قوم کے بے مثال اتحاد، یکجہتی اور پاکستان کے لئے ایک ہونے کا دن ہے، اس دن کو اسی انداز میں منانے کی ضرورت ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ یوم تکبیر کے لئے خصوصی نشریات، پروگرامز اور تحریروں کے اہتمام سے اس قومی دن کی تقریبات میں اپنا حصہ ڈالیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں