الیکشن کی تاریخ ملنے تک اسلام آباد سے عوام کا سمندر نہیں جائے گا،عمران خان

امپورٹڈ حکومت نہیں صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں، کل اسلام آباد مارچ کی کال دوں گا، مارچ میں برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانوں کا سمندر شرکت کرے گی۔ پی ٹی آئی یوتھ ورکرزسے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 19 مئی 2022 19:20

الیکشن کی تاریخ ملنے تک اسلام آباد سے عوام کا سمندر نہیں جائے گا،عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19مئی 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ ملنے تک اسلام آباد سے عوام کا سمندر نہیں جائے گا، امپورٹڈ حکومت نہیں صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں،کل اسلام آباد مارچ کی کال دوں گا، مارچ میں برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانوں کا سمندر شرکت کرے گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی یوتھ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ سے قبل ملتان میں آخری جلسہ ہوگا، کل اسلام آباد مارچ کی کال دوں گا، میری کال پر پوری قوم کو اسلام آباد پہنچنا ہے، اسلام آباد پہنچنے کا مقصد حقیقی آزادی ہے، ایک آزادی ہوتی ہے جس میں ہم کہتے تو آزاد ہیں لیکن باہر ڈکٹیشن ملتی ہے، روس سے گندم اور تیل نہیں لینا، باہر سے ڈکٹیشن ملتی ہے، دوسری وہ آزادی ہوتی ہے جس میں سارے فیصلے اپنے لوگوں کی بہتری میں کیے جاتے ہیں لوگوں کو دوسروں کیلئے قربان نہیں کیا جاتا، نوجوانوں انرجی بچا لو، مجھے اسلام آباد مارچ کیلئے انرجی کی ضرورت پڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہماری منزل قریب ہے، امپورٹڈ حکومت نہیں ہم صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں،اللہ کا شکر کرو مارچ کیلئے موسم زبردست ہوگیا ہے، اسلام آباد میں برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانوں کا سمندر آنے والا ہے، جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی اسلام آباد سے عوام کا سمندر نہیں جائے گا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی حفاظت کے لیے کارکن بنی گالا پہنچ گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کو ناکام بنانے کے لیے کارکنان نے بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا دئیے ہیں۔انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے 200 سے زائد کارکنان بنی گالا پہنچ چکے ہیں۔ کارکنان نے عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالا کے اطراف میں خیمے لگا دئیے، کارکنوں نے رہائش، کھانے پینے و دیگر ضروری اقدامات بھی کر لیے ہیں۔کارکنان اپنے سات بستر ، پانی کے کولر اور ضروری سامان بھی لائے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں