فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف سپریم کورٹ میں کیس سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 26 مئی کو سماعت کرے گا،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک بینچ کا حصہ ہوں گے

Umar Nawaz عمر نواز جمعہ 20 مئی 2022 17:54

فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف سپریم کورٹ میں کیس سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2022ء) فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف سپریم کورٹ میں کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 26 مئی کو کیس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک بینچ کا حصہ ہوں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کا تاحیات نااہلی کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال فروری میں الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر نااہل قرار دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا تھا کہ وہ جھوٹا حلف نامہ جمع کراوانے کے مرتکب ہوئے۔ فیصل واوڈا 2018 کا الیکشن لڑنے کے وقت اہلیت نہیں رکھتے تھے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کردیا ہے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے 25 اراکین کو ڈی سیٹ کیے جانے کے بعد حمزہ شہباز بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اکثریت کھو بیٹھے ۔

(جاری ہے)

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری کی طرف سے بھیجے گئے ریفرنس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے فارغ ہونے والوں میں جہانگیر ترین گروپ کے 18 ، علیم خان گروپ کے 5 اور اسد کھوکھر گروپ کے 2 اراکین شامل ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں ڈی سیٹ ہونے والوں میں پی پی217 ملتان 7 سے محمد سلمان نعیم ، پی پی288 ڈی جی خان 2 سےمحسن عطاخان کھوسہ ، پی پی90بھکر2سے سعید اختر خان ، پی پی97فیصل آبادایک سے محمد اجمل اور پی پی125جھنگ 2 سے فیصل حیات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پی پی 7 راولپنڈی 2 سے راجہ صغیر احمد ، پی پی 83خوشاب سےملک غلام رسول ، پی پی90بھکرسے سعیداکبرخان نوانی ، پی پی127جھنگ سے مہر محمد اسلم ، پی پی140شیخوپورہ سے میاں خالد محمود ، پی پی202ساہیوال سےملک نعمان لنگڑیال اور پی پی158لاہور سے عبدالعلیم خان بھی ڈی سیٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں پی پی 224 لودھراں سے زوار حسین وڑائچ ، پی پی228لودھراں سےنذیر احمد خان ، پی پی237بہاولنگر سےفداحسین ، پی پی273مظفرگڑھ سے محمد سبطین رضا ، مخصوص نشست پی پی322 سے عائشہ نواز ، مخصوص نشست پی پی327 سے ساجدہ یوسف ، مخصوص نشست پی پی364 سے ہارون عمران گل اور مخصوص نشست پی پی311 سے عظمیٰ کاردار کو ڈی سیٹ کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ پی پی167لاہور سے نذیراحمدچوہان ، پی پی170 سے محمد امین ذوالقرنین ، پی پی272 سے زہرا بتول ، پی پی168 سے ملک اسد علی ، پی پی356 سے اعجاز مہیش ، پی پی287 سے جاویداختر بھی اپنی سوبائی اسمبلی کی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں