وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا حریت رہنما یاسین ملک کو سزا دینے سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط

بدھ 25 مئی 2022 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حریت رہنما یاسین ملک کو سزا دینے سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھ دیا ہے جس کا مقصد بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی جموں و کشمیر میں خطرناک صورتحال سے متعلق عالمی برادری کی توجہ دلانا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مچل بیچلٹ کو منگل کو یہ خط بالخصوص اس تناظر میں لکھا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں اور ان کے قائدین کو دبانے کیلئے جھوٹے مقدمات میں سزا دلانے کی کوشش کر رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یاسین ملک کیخلاف جھوٹے الزامات پر مقدمہ چلانا اور سزا دینے کا مقصد انہیں انسانی حقوق کے علمبردار اور سیاسی کارکن کے طور پر خاموش کرانا ہے اور کشمیریوں کو ان کی حقیقی قیادت سے محروم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی رویئے کے دستاویزی ثبوتوں سے یاسین ملک کے عدالتی قتل کا خطرہ موجود ہے۔ انہوں نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں 2019ء سے اب تک یاسین ملک کو قید رکھنے اور وہاں کی غیر انسانی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔

پریشان کشمیریوں کو قابض بھارتی حکومت کے ہاتھوں مسلسل جھوٹے مقدمات کا سامنا ہے اور وہ بھارتی غاصبانہ قبضے سے چھٹکارہ کیلئے اقوام متحدہ کی طرف دیکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر اور انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ وہ مقامی کشمیری قائدین کو جھوٹے مقدمات بالخصوص یاسین ملک کے ساتھ بہیمانہ سلوک کو فوری بند کیا جائے جو کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پرامن جدوجہد آزادی کی قیادت کر رہے ہیں۔ بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ یاسین ملک پر تمام بے بنیاد الزامات ختم کر کے ان کو بری کریں اور ان کی قید سے فوری رہائی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنے خاندان سے مل کر معمول کی زندگی گزار سکیں۔ بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ کشمیری سیاسی قائدین اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو رہا کرے۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں