وزیراعظم کا ملکی دفاع اور قومی مفاد کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار

ہفتہ 28 مئی 2022 19:25

وزیراعظم کا ملکی دفاع اور قومی مفاد کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ ملک کے دفاع ، سلامتی اور قومی مفادکے لیے کوئی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں قوم کو یوم تکبیر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے جب 1998میں پاکستان نے اپنی آزادی ، خودمختاری اور دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور مسلم لیگ(ن)کے قائد نواز شریف کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہر قسم کے دبائو اور ترغیب کو مستردکرتے ہوئے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنادیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ قوم ماضی کی تمام حکومتوں ، مسلح افواج ، سائنسدانوں ، انجینئرز، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ایٹمی پروگرام سے وابستہ افراد سمیت ان تمام لوگوں کا احترام کرتی ہے جنہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے میں حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ قوم کے ہیرو ہیں۔شہباز شریف نے سعودی عرب سمیت تمام برادر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے معاشی پابندیوں کے دوران پاکستان کا ساتھ دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ایک قوم کے طور پر مالی خودمختاری اور یوم تکبیر کی خود انحصاری کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں