پاکستان میں بیشتر دہشتگرد حملوں میں امریکی ساختہ اسلحہ استعمال ہونے کا انکشاف

جمعرات 28 مارچ 2024 15:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) پاکستان میں ہونے والے بیشتر دہشت گرد حملوں میں امریکی ساختہ اسلحہ استعمال ہونے کا نکشاف ہوا ہے۔پاکستان میں ہوئے دہشت گرد حملوں سے متعلق سیکیورٹی ذرائع نے اعداد و شمار جاری کر دئیے۔سیکیورٹی ذرائع کے اعداد و شمار کے مطابق حال ہی میں ہوئے تربت حملے میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سیامریکی ساختہ اسلحہ برآمد کیا ہے، تربت حملے میں دہشت گردوں سے ایم 32 ملٹی شاٹ گرینیڈ لانچر، ایم 16/اے 4، نائٹ تھرمل وژن اور دیگراسلحہ برآمد ہوا ہے۔

27 جنوری کو شمالی وزیرستان میں دہشت گرد نیک من اللہ سے بھی امریکی ساختہ اسلحہ ملا،22 جنوری کو سمبازا ژوب پر دہشت گردوں سے برآمد اسلحہ بھی غیر ملکی ساختہ تھا۔19 جنوری کو میران شاہ میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں سے ملا اسلحہ بھی غیر ملکی تھا، 31 دسمبر کو باجوڑ میں سرحد پار کرنے والے 3 دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے جن کے قبضے سے ایم 4 کاربائن امریکی ساختہ اور دیگر اسلحہ ملا تھا۔

(جاری ہے)

29دسمبر 2023 کو میر علی میں دہشت گردوں سے اے کے 47 ،ایم 4 کاربائین، گولہ بارود برآمد ہوا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلے بھی متعدد بار پاکستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں غیر ملکی ہتھیار استعمال ہوئے ہیں، بی ایل اے نے انہی ہتھیاروں سے فروری 2022 میں نوشکی اور پنجگور میں ایف سی پر حملے کیے۔12جولائی 2023 کو بھی ژوب گیریژن پر حملے میں ٹی ٹی پی نے امریکی اسلحہ استعمال کیا، 6 ستمبر 2023 کو ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے امریکی ہتھیاروں سے چترال میں 2 چیک پوسٹس پر حملہ کیا۔

4نومبر کو میانوالی ایئر بیس پر حملے میں دہشت گردوں کے پاس غیر ملکی ساختہ اسلحہ تھا، 12 دسمبر کو درابن میں دہشت گرد حملے میں نائٹ وژن گاگلز اور امریکی رائفلز استعمال ہوئیں۔15دسمبر کو ٹانک میں ہوئے دہشت گردی کے واقعے میں دہشت گروں کے پاس جدید امریکی اسلحہ تھا۔13دسمبر کو کسٹمز اور سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے آئی گاڑی سے پیاز کی بوریوں سے جدید امریکی ہتھیار برآمد کیے تھے۔

یوروایشین ٹائمزکے مطابق پاکستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد بھی امریکی ساختہ اسلحہ استعمال کر رہے ہیں۔پینٹاگون کے مطابق امریکا نے افغان فوج کو 4 لاکھ 27 ہزار 300 جنگی ہتھیار فراہم کیے تھے، جن میں سے 3 لاکھ انخلا کے وقت باقی رہ گئے تھے۔پینٹاگون کے مطابق امریکا نے 2005 تا 2021 افغان سیکیورٹی فورسز کو 18.6 ارب ڈالرز کا سامان دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں