وفاقی وزارت خزانہ نے مارچ کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی

ہر ماہ پاکستان کی معاشی اور مالی پوزیشن بہتر ہورہی ہے، اگلے ماہ مہنگائی کم ہوکر22 فیصد تک متوقع ہے، آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر قرض کی آخری قسط جلد مل جائے گی، رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 مارچ 2024 18:40

وفاقی وزارت خزانہ نے مارچ کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مارچ 2024ء) وفاقی وزارے خزانہ کی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق ہرماہ پاکستان کی معاشی اور مالی پوزیشن بہتر ہورہی ہے، اگلے ماہ مہنگائی کم ہوکر 22 فیصد تک متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے مارچ کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہوگیا،آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر قرض کی آخری قسط مل جائے گی، حکومت کے پالیسی اقدامات سے فنانسنگ کی ضروریات میں کمی آئی ہے۔

ربیع سیزن کی فصلوں کی اچھی پیدا وار ہوگی، ربیع سیزن میں یوریا کے استعمال سے 4.2 فیصد کمی ہوئی،ڈی پی اے کے استعمال میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال ٹریکٹر کی پیداوار میں 68.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ فروری میں مہنگائی کم ہوکر 23.1 فیصد ہوگئی ہے، اگلے ماہ مہنگائی کم ہوکر 21 سے 22 فیصد کے درمیان رہے گی۔ حکومت نے غریب طبقات کیلئے 12.5ارب روپے کا رمضان پیکج دیا، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 17 فیصد سے کم ہوکر 82 کروڑ ڈالر رہی۔

رواں سال ڈالر ریٹ میں 5 روپے 54 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ہرماہ پاکستان کی معاشی اور مالی پوزیشن بہتر ہورہی ہے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے فنانسنگ بحال ہورہی ہے، حکومتی اصلاحات اور پالیسی اقدامات سے بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہورہا ہے۔اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو 22 فیصد پر برقرار رکھا ہے، مہنگائی میں اضافے کے خدشات کے باعث شرح سود کو برقرار رکھا گیا، مارچ میں مہنگائی 23.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔پائیدار معاشی استحکام کیلئے بروقت پالیسی اقدامات درکار ہیں، بیرونی ادائیگیوں کیلئے بہتر فنانسنگ کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں