بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی گئی

نیپرا سے بجلی کی قیمت میں اضافہ مارچ کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اپریل 2024 14:39

بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2024ء ) بجلی 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا سے ایک ماہ کے لیے بجلی فی یونٹ 2 روپے 94 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے ،اس حوالے سے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی ( سی پی اے) نے درخواست دائر کی ہے، جس میں اضافہ مارچ کے مہینے کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ مارچ میں ہائیڈل سے 27اعشاریہ 63 فیصد ، کوئلے سے 10اعشاریہ 74 فیصد اورایل این جی سے 20اعشاریہ 67 فیصد پیداوار ہوئی۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی کا درخواست میں کہنا ہے کہ ’ مارچ کے مہینے کے دوران نیوکلئیر سے 25اعشاریہ 79 فیصد بجلی پیدا کی گئی جب کہ ونڈ سے 2اعشاریہ 55 فیصد اور سولر سے 1اعشاریہ 37 فیصد بجلی پیدا ہوئی، بجلی کی پیدوار پر تقریباً 73 ارب روپے لاگت آئی‘، نیپرا اتھارٹی اضافے سے متعلق درخواست کی سماعت 26 اپریل کو کرے گی جس میں تمام متعلقہ فریق اور افراد شرکت کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت 31 دسمبر تک آئی ایم ایف کا ہدف پورا کرنے کے لیے بجلی کی قیمت 100روپے فی یونٹ تک لے جائے گی اور پیٹرول بھی مزید مہنگا کرے گی، 31 دسمبر تک 870 ارب روپے کا آئی ایم ایف کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے، یہ لوگ ڈنڈی مار کر 30 جون تک 970 ارب روپے جمع کریں گے، 15 روز بعد یہ دوبارہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں گے، یہ ٹارگٹ سے زیادہ جمع کرنے کے والے جیب کترے ہیں، ڈائریکٹ ٹیکس سے آپ کا کم ہوتا ہوا کاروبار مزید سکڑ رہا ہے، بے روزگاری عروج پر جا رہی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 92 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا جب کہ بجلی مہنگی کیے جانے سے قبل پٹرولیم مصنوعات بھی مہنگی کر دی گئی ہیں، اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آئندہ 15روز کیلئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 4روپے 53پیسے بڑھا دی گئی، ڈیزل 8روپے 14پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا، پیٹرول کی نئی قیمت 293 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، اسی طرح اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 290 روپے 38پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، حکومت نے اوگرا کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل آئندہ 15 روز کیلئے کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں