حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ

5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی برقرار رہے گی، چینی، آٹا، گھی، دالوں اور چاول پربی آئی ایس پی صارفین کو سبسڈی ملے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اپریل 2024 16:29

حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2024ء ) حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر غریب صارفین کو ریلیف دینے کیلئے حکومت نے وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت ماہانہ تقریباً 3 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، یوٹیلیٹی اسٹورز پروزیر اعظم پیکج جون 2024ء تک جاری رکھنے کا پلان ہے، آئندہ مالی سال کے لیے وزیر اعظم پیکج جاری رکھنے سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی برقرار رہے گی، جس کے تحت چینی، آٹا، گھی، دالوں اور چاول پر بی آئی ایس پی صارفین کوسبسڈی ملے گی، یوٹیلیٹی اسٹورزپر بی آئی ایس پی صارفین کے لیے چینی کی قیمت 109روپے فی کلو ہوگی، آٹے کا 10 کلو تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہوگا، بی آئی ایس پی صارفین کے لیے گھی کی فی کلو قیمت 393 روپے مقرر کی گئی ہے، دالوں اورچاول پرفی کلو 25 روپے سبسڈی ملے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے سبسڈائزڈ گھی کی قیمت میں 28 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے، ریجنل منیجریوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ملتان چوہدری سجاد حسین کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیاہے، انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ مارکیٹ کی نئی صورتحال کے پیش نظرکیاگیا ہے، یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن نے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام( بی آئی ایس پی ) صارفین کے لیے گھی کی سبسڈائزڈ قیمت 365 روپے مقرر تھی جسے بڑھا کر 393 روپے کردیا گیا ہے جب کہ عام صارفین کے لیے گھی کی قیمت 435 روپے سے بڑھا کر 463 روپے کردی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں