شہباز شریف کسی اور کی گود میں چلا گیا‘ بڑے بھائی سے وزارت عظمیٰ چھین لی، لطیف کھوسہ

اس حکومت کی دسترس میں کچھ نہیں‘ کسی اور کے حکم اور فرمائش پر ہی حکومت چل رہی ہے‘ ن لیگ کا ایک گروپ شہباز شریف کو تسلیم نہیں کر رہا۔ پی ٹی آئی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 اپریل 2024 16:31

شہباز شریف کسی اور کی گود میں چلا گیا‘ بڑے بھائی سے وزارت عظمیٰ چھین لی، لطیف کھوسہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کسی اور کی گود میں چلا گیا اور بڑے بھائی سے وزارت عظمیٰ چھین لی، ہمیں کوئی بھیک نہیں چاہیے ، میرٹ پر ریلیف ملے گا اور عمران خان جلد سائفر ، عدت میں نکاح اور القادر ٹرسٹ کیس میں بری ہو جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی اور کے حکم اور فرمائش پر حکومت چل رہی ہے، ان کا نہ وزیر خزانہ اپنا ہے اور نہ ہی وزیر داخلہ ہے، اس حکومت کی دسترس میں کچھ نہیں ہے، یہ حکومت تو بلوچستان کا وزیراعلیٰ بھی اپنا نہیں بناسکی، ہم نے تو دیکھ لیا ہے کہ کس کی حکومت یہاں چل رہی ہے، لندن پلان کو کیا صرف جنرل ریٹائرڈ باجوہ کے کردار سے منسوب کر سکتے ہیں؟ لندن پلان سےیہ لوگ انحراف نہیں کر سکتے، بچے بچے کو پتا ہے کہ جنرل باجوہ نے ایکسٹینشن نہیں مانگی تھی۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ نواز شریف یہاں کاروبار کرنے آئے تھے، انہوں نے پاکستان کو کاروبار کا حب بنایا ہوا ہے، یہاں سے فائدہ اٹھا کر واپس چلے جاتے ہیں، شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی کو دھوکا دیا اور وزارت عظمیٰ چھین لی جس کے بعد دونوں بھائیوں کا آپس میں جھگڑا چل رہا ہے، ن لیگ میں رانا ثنا اللہ، خرم دستگیر، جاوید لطیف اور سعد رفیق الگ گروپ ہے جو شہباز شریف کو تسلیم نہیں کرتا، یہ گروپ کہتا ہے ہم سے حساب نہ لینا ہماری حکومت نہیں نواز شریف ہوتا تو ہماری حکومت ہوتی۔

علاوہ ازیں لطیف کھوسہ کی جانب سے عمران خان کو کسی بھی قسم کی ڈیل آفر ہونے کی بھی تردید کی گئی ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مر جائے گا لیکن ڈیل نہیں کرے گا، عمران خان کی طرف سے صاف جواب ہے، عمران خان کا کہنا ہے میرا جینا مرنا اسی ملک میں ہے اور ملک چھوڑ کر کہیں اور نہیں جاؤں گا، ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ریاست پر ڈاکہ مارا گیا، میں عوام کو حقیقی آزادی دلا کر رہوں گا خواہ یہ پاکستان کی تمام جیلیں گھما لیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں