گلگت بلتستان میں پن بجلی کی بے پناہ صلاحیت کو ترقی کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کی گلگت بلتستان کے گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں گفتگو

پیر 29 اپریل 2024 20:46

گلگت بلتستان میں پن بجلی کی بے پناہ صلاحیت کو ترقی کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری   کی گلگت بلتستان کے گورنر  اور وزیر اعلیٰ سے  ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان میں پن بجلی کی بے پناہ صلاحیت کو ترقی کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی وسائل کو علاقے کی معاشی خوشحالی کیلئے مکمل طور پر ترقی دینا ہو گی۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلبر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو معدنیات اور جواہرات جیسے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے۔ ملاقات میں صدر مملکت کو گلگت بلتستان حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔انہیں گلگت بلتستان کی عوام کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص تعلیم اور صحت کی سہولیات کی کمی اور بے روزگاری بارے بتایا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر اور وزیر اعلیٰ نے صدر مملکت کو گلگت بلتستان کے دورے اور گلگت بلتستان اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت بھی دی۔

گورنر گلگت بلتستان نے آئینی اصلاحات پر زور دیا، یونیورسٹیز کے مسائل کی نشاندہی کی اور خصوصی توجہ کی گزارش کی۔ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی تربیت اور ہنرمندی کیلئے پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ طلب کے مطابق قابل قدر صلاحیتوں سے لیس کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ علاقے میں جامع اور پائیدار ترقی کے فروغ پر توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خود کفالت کیلئے مقامی کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی تیز کرنے کی ضرورت ہے اور خطے کے شعبہ تعلیم اور صحت کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے پر توجہ دینا ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں