عمران خان کی عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیل: خاور مانیکا کی عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

منگل 30 اپریل 2024 14:23

عمران خان کی عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیل: خاور مانیکا کی عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے دوران عدت نکاح کیس کی سزا کے خلاف بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کے معاملے میں خاور مانیکا کی عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت کے دوران عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل عثمان ریاض گل ایڈوکیٹ کو 528 اور 526 کو پڑھنے کی ہدایت کردی، انہوں نے سیکشن 528 اور 526 عدالت کے سامنے پڑھا۔

عثمان ریاض گل ایڈوکیٹ نے بتایا کہ 90 فیصد اپیلوں پر سماعت ہوچکی، اگر کوئی تھریٹ ہے تو شکایت کنندہ متعلقہ فورم سے رابطہ کریں۔خاور مانیکا نے درخواست میں مقف اپنایا کہ میری پوری فیملی میں یہ بات مشہور ہوگئی ہے کہ جج صاحب بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو بری کردیں گے، جس پر سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ اس ایک جملے پر کسی عدالت کو کیس ٹرانسفر کرنے کا کہنا توہین عدالت میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ نے کہا کہ حال ہی میں جسٹس بابر ستار نے عدم اعتماد کی درخواست پر جرمانہ کیا ہے، خاور مانیکا نے پورے خاندان کو رسوا کیا ہے۔خاور مانیکا نے سلمان اکرم راجا سے مکالمہ کیا کہ آپ کے قریبی دوست معظم نے آپ کو کال نہیں کی، جس پر سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ کال کی ہے مگر میں نے ان کو جواب دیا کہ بات نہیں ہوسکتی۔خاور مانیکا نے الزام عائد کیا کہ آپ نے ان کو کہا کہ لاہور آکر بات کرتے ہیں، اس دوران پی ٹی آئی وکلا اور خاور مانیکا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ اس درخواست پر پہلے فیصلہ کرلیتے ہیں پھر اگے دیکھتے ہیں۔سلمان اکرم راجا ایڈوکیٹ نے دلائل دیے کہ اس اسٹیج پر اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، میری استدعا ہے کہ اس درخواست پر جرمانہ کیا جائے۔عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ نے مقف اپنایا کہ بغیر کسی ثبوت کے اگر میں بھی کوئی الزام لگاں تو مجھے بھی سزا ملنی چاہیے ۔عدالت نے خاور مانیکا کی عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں