شیر افضل مروت جیسے لوگ بے شرم ہیں اس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، علیمہ خان کا شدید ردعمل

ان کو ٹی وی پر بھیجا جاتا ہے کہ عمران خان کی فیملی پر حملہ کرو، اس کی بات کرکے وقت ضائع نہ کریں؛ میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 8 اگست 2025 12:18

شیر افضل مروت جیسے لوگ بے شرم ہیں اس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، علیمہ خان کا شدید ردعمل
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے بیانات پر شدید رد عمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق علیمہ خان انسداد دہشت گری عدالت راولپنڈی پہنچیں جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت جیسے لوگ بے شرم ہیں، ان کو ٹی وی پر بھیجا جاتا ہے کہ عمران خان کی فیملی پر حملہ کرو، اُس کی باتوں کو سیریس نہ لیا کریں، اس کا ذہنی توازن خراب ہے اس کی بات کرکے وقت ضائع نہ کریں۔

عمران خان کی ہمیشرہ کہتی ہیں کہ مجھ پر 302 کا کیس بھی بنایا ہوا ہے جس میں وارنٹ بھی نکالے گئے ہیں، لوگ پوچھتے ہیں آپ ضمانت کیوں نہیں لیتیں؟ تو میں کہتی ہوں آج اس کیس میں ضمانت مل گئی تو کل کوئی اور کیس بنا دیں گے، ویسے بھی جب انہوں نے گرفتار کرنا ہوگا تو کرلیں گے کیوں کہ میرا جرم یہ ہے کہ میں عمران خان کا پیغام جیل سے باہر لے کر آتی ہوں، ہم چکری کے مقام پر بیٹھے عمران خان کے ساتھ ملاقات کا انتظار کر رہے تھے لیکن رات 10 بجے پولیس آئی اور کہا آپ یہاں سے اٹھ جائیں کیوں کہ یہاں دہشت گرد آنے والے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ قاسم اور سلیمان کے پاس برٹش پاسپورٹ ہے انہوں نے ویزے کے لیے اپلائی کیا ہوا ہے یہ حکومت کیسے ان کو روک سکتی ہے اگر ویزہ نہیں دیتے وہ آواز اٹھائیں گے اور انہی کو کہیں گے جن کو ہمارے یہاں پر حکومت کے لوگ مانتے ہیں، مجبوری کو بنیاد بنا کر کب تک ہم انصاف کا قتل کرتے رہیں گے؟ ہم تو ججز سے ہی امید رکھ سکتے ہیں اور کہاں جائیں؟ مجبوری کوئی وجہ نہیں کہ انصاف نہ دیں، میں ججز سے کہتی ہوں آپ ہمت تو کریں انصاف تو دیں آپ پاکستان کے ہیروز بن جائیں گے، مجبوری کے بہانے کب تک غیر قانونی کام کرتے رہیں گے، ججز کو کہیں گے ہمت کریں غلط مقدمات باہر پھینکیں قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں