پوری پاکستانی قوم کو علاقائی، مذہبی، لسانی اور دیگر جملہ تضادات و تعصبات کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن علی رضا بخاری اور سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی کا شہید پاکستان کانفرنسوں کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات سے خطاب

پیر 17 جون 2019 15:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن پیر علی رضا بخاری اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان عالم اسلام کی اٴْمیدوں اور توقعات کا مرکز و محور ہے اور پوری دنیا کے مسلمان واحد اسلامی ایٹمی مملکت پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام وسلامتی چاہتے ہیں مگر دشمنان اسلام قوتیں اپنے مخصوص مقاصد اور شیطانی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اپنے زرخرید ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں امن عامہ کو تہہ و بالا کرنے کی سازشیں کرتے رہتے ہیں، شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر ہونے والے حملے اور پی ٹی ایم کے لبادھے میں پاکستان کی سلامتی کے خلاف جاری سازشیں ہی پاکستان دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کی کارستانیوں کا تسلسل ہے، اس لئے پوری پاکستانی قوم کو علاقائی، مذہبی، لسانی اور دیگر جملہ تضادات و تعصبات کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا اور متفقہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کے عین مطابق پرامن مثالی معاشرے کی تشکیل کیلئے سول سوسائٹی کے تمام سنجیدہ طبقات کو میدان عمل میں آنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار شہید پاکستان کانفرنسوں کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سلسلہ میں پہلی تقریب شہید پاکستان کانفرنس دارالعلوم جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو لاہور میں منعقد ہوئی جبکہ دوسری تقریب متحدہ جمعیت اہل حدیث کے زیراہتمام لاہور پریس کلب میںاور تیسری تقریب صوفی امن فورم کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

اس کے علاوہ مرکزی علماء کونسل کے زیراہتمام بیت قاسمی فیصل آباد میں بھی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ ان تمام تقریبات میں سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکرکے علماء، سیاسی و مذہبی نمائندوں ، صوفیائے کرام کی درگاہوں کے سجادہ نشینوں اور دینی مدارس کے اساتذہ اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صوفی امن فورم پاکستان کے زیراہتمام منعقد ہونے والی تقریب کی صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبر پیر علی رضا بخاری نے کی جبکہ سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی چیف گیسٹ تھے۔

ان تقریبات میں مقررین اور شرکاء نے پاکستان کے دفاع و استحکام کیلئے اپنی انمول جانوں کی قربانیاں دینے والے سیکورٹی فورسز اورپولیس کے افسران و جوانان کے علاوہ سیاسی و مذہبی شخصیات کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع و استحکام کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے شہادت پانے والے تمام عظیم لوگ ملت پاکستان کے محسن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک وطن کے ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف شہیدوں کا مشن پورے جوش وجذبہ کے ساتھ جاری رہے گا اور پاکستانی قوم امن و استحکام کی منزل مقصود حاصل کرکے اپنے ان عظیم شہداء سے سرخرو ہو گی۔ پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ وطن عزیز میں امن کی بحالی کیلئے پاک فوج کی عظیم خدمات اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کے دفاع و استحکام کی خاطر جاری جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی تاکہ وطن عزیز کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی لعنتوں سے مکمل طور پر پاک اور صاف کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جنونی دہشت گردوں کی خباثتوں سے نجات دلانے میں کامیاب ہونیوالی پاک افواج کو ایک بار پھر شمالی وزیرستان میں چیلنجز کا سامنا ہے جہاں امن دشمن قوتیں پختون حقوق کی آڑ میں اپنے مخصوص شیطانی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے متحرک ہو چکی ہیں جن کا اصل ہدف ریاست پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے مگر پاک فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کے کسی بھی دشمن کے ناپاک عزائم پورے نہیں ہو سکتے اور ہمارے ملک کی بہادر افواج ہرمحاذ پر ملک دشمن عناصر کو شکست فاش سے دوچار کرے گی۔

درگاہ عالیہ چھورا شریف کے سجادہ نشین پیر سعادت علی شاہ نے کہا کہ وطن عزیز میں ملک دشمن دہشت گردوں کا ملیا میٹ کرنے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور ریاستی اداروں کیساتھ قدم بہ قدم کھڑی ہے اور پوری قوم پر اٴْمید ہے کہ ہمارے ملک کے دفاعی اور سول ادارے پاکستان کے خلاف متحرک بیرونی قوتوں کے زرخرید ایجنٹوں کا مکمل طور پر صفایا کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں