کلگام میں بھارتی افواج کی جانب سے 10 کشمیریوں کی شہادت کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کا نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

منگل 23 اکتوبر 2018 19:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام کلگام میں بھارتی افواج کی جانب سے 10 کشمیریوں کی شہادت کے خلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین سمیت حریت قائدین نے خطاب کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے ان واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

چوہدری یاسین نے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو زیادہ دیر ان کے بنیادی حق حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر جاری کی گئی رپورٹ بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کیلئے ایک اہم دستاویز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جس انداز میں دنیا کے علیحدگی کی تحریکوں کی سپورٹ کرتی ہے اسی طرح کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا بھی اعتراف کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

حریت رہنمائوں محمود احمد ساگر، سید یوسف نسیم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری پرامن کشمیریوں کیخلاف بھارتی قابض افواج کی جانب سے طاقت کے بے دریغ استعمال کا نوٹس لے۔ بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی فصلیں تباہ کرنے کے علاوہ حاملہ خواتین کو بھی شہید کیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے نت نئے طریقے تلاش کر رہا ہے تاہم کشمیری اپنی جدوجہد آزادی سے دست بردار نہیں ہونگے اور کشمیری اپنا حق لے کر رہیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں