بھارتی افواج کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہی ہیں، نہتے مردوں، عورتوں اور بچوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں،

بین الاقوامی قوانین پامال کئے جا رہے ہیں، عالمی برادری اس صورتحال کا نوٹس لے، بھارت کو خطے میں پولیس مین نہیں بننے دیں گے،سینٹ ارکان کا ایوان بالا میں اظہار خیال

منگل 18 دسمبر 2018 19:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) سینٹ کے ارکان نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہی ہیں، نہتے مردوں، عورتوں اور بچوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، بین الاقوامی قوانین پامال کئے جا رہے ہیں، عالمی برادری اس صورتحال کا نوٹس لے، بھارت کو خطے میں پولیس مین نہیں بننے دیں گے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوآئی سی نے بھی اس صورتحال کا نوٹس لیا ہے، کشمیر میں قتل و غارت رکوانے کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانا چاہیے۔

(جاری ہے)

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک وہاں کے عوام کی اپنی تحریک ہے، بھارت ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے، ظلم و بربریت کی کوئی دوسری مثال اگر دنیا میں ملتی ہے وہ مقبوضہ فلسطین میں ہے، بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سینٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف اٹل ہے، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ میں بھی دیگر ممالک کی طرف سے کشمیر پر آج بات نہیں کی جاتی، شاید وہ مسئلہ کشمیر کو بھول گئے ہیں لیکن ہمیں ہر سطح پر کشمیریوں پر مظالم بند کروانے کے لئے آواز اٹھانی چاہیے۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے خاتمے کے لئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کشمیری بھارتی ظلم و جبر کا شکار ہیں، اقوام متحدہ نے ان سے جو وعدے کیے ہیں وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھانا، ہماری قومی ذمہ داری ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں