ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں دہشت گردی میں جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نیشنل پریس کلب کے سامنے تقریب کا انعقاد

بدھ 24 اپریل 2019 23:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مسلم مسیحی اتحاد کی طرف سے نیشنل پریس کلب کے سامنے تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر شمعیں روشن کی گئیں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسلم مسیح اتحاد کے چیئرمین سیموئل یعقوب نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ایسٹر کی خوشی میں سری لنکا کے واقعہ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے خوشیوں کے تہوار کے موقع پر چرچز پر دھماکے ہونا انتہائی افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمدریاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور پوری سری لنکن قوم کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان یونائیٹڈ کرسچن موومنٹ کے چیئرمین ایلبر ڈیوڈ نے کہاکہ سری لنکا میں تین سو سے زائد افرادکی جانوں کے ضائع ہونے پر نہ صرف مسیحی برادری بلکہ دنیا بھر میں انسانیت دوست دکھ کے عالم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی آج ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکی ہے، دنیا کی تمام بڑی قوتوں کو اس کے خاتمے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ تقریب میں شرکاء نے اپنے بازوں پر کالی پٹیاں باندھ رکھی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں