باہمی اتحاد و یکجہتی اور مشترکہ کوششوں کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کیا جائے گا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ جلد پارلیمانی کمیٹی کا اعلان کرے گی

ملک کی پارلیمانی قیادت کا عزم کا اظہار

بدھ 25 مارچ 2020 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) ملک کی پارلیمانی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ باہمی اتحاد و یکجہتی اور مشترکہ کوششوں کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ جلد پارلیمانی کمیٹی کا اعلان کرے گی۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی لیڈرز کی کانفرنس منعقد ہوئی۔

اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کی۔ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعظم عمران خان، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے شرکت کی جبکہ کانفرنس میں وفاقی وزراء شیخ رشید احمد، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، وزیر مملکت علی محمد خان، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم ایچ مانڈوی والا، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر مشاہد اللہ خان سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ اور متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے آغاز پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے ساری دنیا کو سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ اس سے نہ صرف انسانی صحت کو خطرات لاحق ہیں بلکہ اس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو بھی سخت دھچکا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد یہ تھا کہ ہم سب مل بیٹھ کر ایسی سفارشات تیار کر سکیں جو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات کے لئے معاون ثابت ہو سکیں اور انہیں پالیسی سازی میں مدنظر کھا جا سکے۔

سپیکر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کی کورونا کے سداباب اور اس سے متاثرہ افراد کی دیکھ بھال کے حوالے سے کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے تمام شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسی وبائوں کا مقابلہ حکومتیں نہیں قومیں کیا کرتی ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کو اس وباء کے سدباب اور متاثرہ افراد کی دیکھ بھال کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

قائد حزب اختلاف اور کانفرنس کے دیگر شرکاء نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ کورونا وائرس جیسی ابتلا کا مقابلہ اجتماعی کوششوں اور یکجہتی کے ساتھ ہی کیا جا سکتا ہے۔ شرکاء کا خیال تھا کہ ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ اس وائرس کے خلاف فرنٹ فٹ پر برسرپیکار ہے۔ انہیں ہر قسم کا حفاظتی سامان اور آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

حکومت اس صورتحال میں متاثرہ لوگوں کے معاشی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے غریب اور نادار طبقات کا خصوصی خیال رکھیے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا اور حکومتی کاوشوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔ کانفرنس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے پارلیمانی لیڈرز کو اپنے شعبوں میں اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں