طالبان ترجمان کی بھارتی وفد سے ملاقات کی تردید

افغان امن عمل پر پاکستان کے ساتھ بات چیت کیلئے ایرانی نمائندہ خصوصی (کل)اسلام آباد پہنچیں گے

بدھ 23 جون 2021 23:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) افغانستان کے لئے ایران کے نمائندہ خصوصی ابراہیم طاہریان افغان امن عمل پر پاکستانی حکام سے بات چیت کیلئے جمعرات کو پاکستان پہنچ رہے ہیں ۔سرکاری اور سفارتی ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ طاہر یان افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرینگے ۔

دورہ پاکستان سے پہلے طاہریان نے بدھ کو کابل میں افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے ساتھ امن عمل پر مذاکرات کئے ۔ اس سے پہلے طاہریان نے نومبر 2020 میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے ساتھ پاکستان کادورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے پاکستانی نمائندہ خصوصی کے ساتھ الگ ملاقات بھی کی تھی ۔

(جاری ہے)

افغانستان میں طالبان کے بڑھتے ہوئے حملے اور کئی اضلاع پر قبضے کے بعد خطے کے ممالک نے مشوروں کا سلسلہ تیز کیا ہے ۔

جنگ میں تیزی ایسے وقت پر آئی ہے جب بین الاقوامی مذاکرات میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہو رہی۔بین الافغانی مذاکرات 10 ویں ماہ میں داخل ہو چکے ہیں لیکن اس وقت تک دونوں فریق مذاکرات کے ایجنڈ ے پر بھی متفق نہیں ہو سکے ہیں ۔دریں اثناء طالبان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس کی تردید کی ہے کہ ایک بھارتی وفد نے قطر میں طالبان کے سیاسی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی تھی ۔

طالبان ترجمان نے قطر میں میڈیا کو بتایا کہ طالبان پڑوسیوں ، خطے اور دنیا کے ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات کا خواہاں ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارتی وفد کے ساتھ طالبان کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے ۔ یاد رہے کہ بھارتی روزنامہ ہندوستان ٹائمز نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ بھارتی حکام نے طالبان کے ساتھ رابطے اور پیغامات کا تبادلہ کیا ہے ۔ بعد میں قطری وزارت خارجہ کے ایک اہم اہلکار ماجد القحطانی نے کہا تھا کہ ایک بھارتی وفد نے طالبان سے ملاقات کیلئے قطر کا خاموش دورہ کیا تھا تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ طالبان نمائندوں کی ملاقات بھارتی نمائندوں سے ہوئی تھی یا نہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں