وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں ،علی محمد خان

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی چھتری کے نیچے جمع تقسیم شدہ اپوزیشن جماعتیں ذاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں، وزیرمملکت

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں ، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی چھتری کے نیچے جمع تقسیم شدہ اپوزیشن جماعتیں ذاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں ۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی تھیں لیکن انہیں بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، حکومت مذاکرات کے ذریعے اپوزیشن کے تحفظات دور کرنے کیلئے تیار ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ حکومت اور تمام اتحادی جماعتیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہیں اور مل کر عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے مشن پر کام کر رہی ہیں، اپوزیشن کے قائدین عوام میں اپنی مقبولیت کھو چکے ہیں، پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں نے ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے حکومت کے خلاف بڑے احتجاج کے دعوی کئے ہیں لیکن پہلے بھی انہیں ہزیمت اور شرمندگی اٹھانا پڑی تھی اور آئندہ بھی عوام بدعنوان گروپ کو کبھی سپورٹ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وزیرعظم عمران خان ملک میں مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں، حکومت مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں