تحریک انصاف شمالی پنجاب کا اجلاس ،تنظیمی امو ر اور آمدہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال

شمالی پنجاب کی ٹیم جلد ہر ضلع کے دورے کرے گی،ہر ضلع میں ورکرز کنونشن کیے جائیں گے، اجلا س میں فیصلہ

پیر 6 دسمبر 2021 21:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) ایم این اے و صدر پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب صداقت علی عباسی کی زیرصدارت شمالی پنجاب کے مرکزی آفس مارگلہ ٹاؤن میں پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سنئیر نائب صدر شمالی پنجاب عطاء اللہ شادی خیل، نائب صدور علی ناصر بھٹی، شہزاد احمد خان میکن، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عارف عباسی، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری شیخ انیس، فنانس سیکرٹری سید رفعت محمود زیدی، ایڈوائزر شمالی پنجاب ساجد قریشی، کوارڈینیٹر شمالی پنجاب خواجہ معید و دیگر موجود تھے۔

اجلاس میں تنظیمی امور کیساتھ ساتھ آمدہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اور تمام ممبران نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ شمالی پنجاب کی ٹیم جلد ہر ضلع کے دورے کرے گی اور ہر ضلع میں ورکرز کنونشن کیے جائیں گے اور تمام اضلاع کی کارکردگی مدنظر رکھی جائے گی اور کارکردگی نا دکھانے والے عہدیداروں کے حوالے سے ریجنل باڈی فیصلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر شمالی پنجاب صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ یکم جنوری سے پنجاب کے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت مہیا کی جائے گی جس سے صحت کے حوالے سے مسائل پر ایک مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔ اجلاس کے اختتام پر سانحہ سیالکوٹ کی شدید مذمت کی گئی اور معاشرتی بے حسی پر اظہار افسوس کیا گیا۔۔۔۔ظفر ملک

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں