عدالت عظمی میں اختلاف رائے اچھا شگون نہیں ، جن کے ہاتھ میں ترازو ہے وہ انصاف کا پلڑا برابر رکھیں ،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

جمعرات 30 مارچ 2023 22:00

عدالت عظمی میں اختلاف رائے اچھا شگون نہیں  ، جن کے ہاتھ میں ترازو ہے وہ انصاف کا پلڑا برابر رکھیں ،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عدالت عظمی میں اختلاف رائے اچھا شگون نہیں ہے ، جن کے ہاتھ میں ترازو ہے وہ انصاف کا پلڑا برابر رکھیں ۔ وہ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہےتھے ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تاریخ کے جس موڑ پر عدالت عظمیٰ کھڑی ہے یہاں ان کا کردار تاریخ ساز ہوگا، وہ انصاف کے پلڑے برابر رکھے، جب شدید اختلاف رائے یہاں نظر آنا شروع ہوجائے تو یہ اچھا شگون نہیں۔

آئین ان پر یہ فرض عائد کرتا ہے کہ پلڑے برابر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اپنے طرز عمل اور فیصلوں سے پہچانی جاتی ہے، سیاست سیاستدانوں تک رہنے دیں، سیاست ان اداروں میں نہ داخل ہونے دیں جن کے ہاتھ میں ترازو ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک وہاں کھڑا ہے جہاں ایشوز کی بھرمار ہے، ایسے میں سودے بازی کے حامل مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں،انہوں نے کہا کہ کہ میں نے ابھی سنا ہے کہ پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات کے حوالے سےسماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا ہے، بینچ کا ٹوٹنا نشاندہی کرتا ہے کہ سب ٹھیک نہیں ہے، اس موقع پر ایسے اقدامات کی ضرورت ہے کہ سپریم کورٹ متحد نظر آئے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست جس نہج پر پہنچ چکی ہے سپریم کورٹ کو خود کو محفوظ رکھنا چاہیے، اب تمام ججز پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، تمام ادارے انتشار کا شکار ہیں ان میں مسائل ہیں، یہ ذمہ داری عدالت عظمیٰ کے ذمہ ہے اور ان کا رول تاریخ ساز ہوگا، انصاف کے ترازو کے پلڑے برابر رکھے جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں