حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لئے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئیں

گلگت بلتستان میں گیتی داس اور رائے کوٹ میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو تیزی سے صاف کیا جا رہا ہے، ترجمان این ایچ اے

منگل 16 اپریل 2024 13:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لئے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئیں ۔ منگل کو ترجمان این ایچ اے نے بتایاکہ این ایچ اے انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کی انتھک محنت سے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخواہ میں اکثر شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے ۔ ترجمان نے بتایاکہ گلگت بلتستان میں گیتی داس اور رائے کوٹ میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو تیزی سے صاف کیا جا رہا ہے۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق جلد ہی یہ دو شاہراہیں بھی ٹریفک کے لئے کھل جائیں گی۔ ترجمان این ایچ اے کے مطابق خیبر پختونخواہ میں زیادہ تر روڈ نیٹ ورک ٹریفک کے لئے رواں ہے اور موسم صاف ہے۔ترجمان این ایچ اے کے مطابق تالاش- خوڑ شمشی خان کے قریب (N-45) ٹریفک کے لئے جزوی طور کھلی ہے اس پر کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ شاہراہِ قراقرم پر پتن اور بشام ، داسو کے مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو ہٹایا جارہا ہے۔

ترجمان کے مطابق قراقرم ہائی وے پر دو طرفہ ٹریفک بحال رکھنے کے لئے مسلسل ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان این ایچ اے کے مطابق این ایچ اے اچانک خراب موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مستعد و فعال ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ تمام حساس مقامات پر مشینری اور عملہ پہنچ چکا ہے،موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب اور برفباری کی غیر یقینی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ این ایچ اے اپنے روڈ انفراسٹرکچر پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے ہر وقت مصروف عمل ہے،عوام سے اپیل ہے کہ سفر سے قبل موسمی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں